1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: فائنل میں بھارت کا مقابلہ سری لنکا سے

عابد حسین5 اپریل 2014

بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کی ٹیم کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ فائنل میچ اتوار کے روز کھیلا جائے گا۔

تصویر: AP

جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان فاف ڈی پلیسِس نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ مقررہ 20 اوورز میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 172 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ مبصرین کے نزدیک یہ ایک فائٹنگ اسکور تھا لیکن اس کے ساتھ مضبوط بھارتی ٹیم کو شکست دینا آسان نہیں تھا اور انجام کار یہ خیال کیا گیا کہ جنوبی افریقی ٹیم کو پندرہ سے بیس رنز زیادہ کرنا چاہیے تھے۔ دوسری جانب ٹارگٹ کو حاصل کرنے میں بھارتی ٹیم کے بیٹسمینوں کو جنوبی افریقی بالر قطعاً پریشان نہیں کر سکے۔

ایک وقت ایسا تھا کہ جنوبی افریقی ٹیم کا اسکور دو وکٹوں پر 102 تھا اور ایسا دکھائی دیتا تھا کہ 190 تک اسکور ہو جائے گا لیکن یہ ممکن نہیں ہو سکا۔ جنوبی افریقی ٹیم کو بھارت کے ایشوِن بالر نے ضرور پریشان کیا۔ ایشون نے اپنے پہلے، دوسرے اور تیسرے اوور میں تین اہم کھلاڑیوں کا آؤٹ کر کے جنوبی افریقی ٹیم کی پیش قدمی روک دیا۔ ایشون نے پہلے ہاشم املا، پھر اے بی ڈی ویلیئر اور فاف ڈی پلیسس کو آؤٹ کیا۔ املا 22 اور ڈی پلیسس 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بیس اوورز مکمل ہونے پر جنوبی افریقی ٹیم کا مجموعی اسکور 172 تھا۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کےغ دوسرے سیمی فائنل میچ کے بہترین کھلاڑی ویراٹ کوہلی قرار پائےتصویر: AP

بھارتی ٹیم نے 173 کے ٹارگٹ کا تعاقب انتہائی حوصلہ مندی سے شروع کیا۔ ابتدائی پانچ اوورز میں 50 رنز بنا کر فتع کی بنیاد رکھ دی گئی۔ بھارتی ٹیم میں سبھی کھلاڑی بہتر کھیل پیش کرنے میں کامیاب ہوئے۔ مگر ویراٹ کوہلی نے شان دار ناقابلِ شکست 72 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ بھارتی ٹیم کے بیٹسمین سریش رائنا نے سترہویں اوور میں اصل میں میچ کا نقشہ بدل دیا۔ اس اوور میں رائنا نے سترہ اسکور بنائے وہ صرف دس گیندوں پر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بیسویں اوور کی پہلی گیند پر ویراٹ کوہلی نے ڈیل اسٹین کو زوردار چوکا لگا کر میچ جیت لیا۔ وہ بعد میں میچ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے ورلڈ کپ کا فائنل میچ کل اتوار کے روز ڈھاکا کے نواح میں واقع میرپور کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سری لنکا کی ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل میچ میں دفاعی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ اگر فائنل میچ کو بارش نے متاثر نہ کیا تو یہ کانٹے دار مقابلہ ہو گا۔ دونوں ٹیموں میں زوردار پرفارمنس دینے والے بیٹسمین موجود ہیں۔ اسی طرح دونوں ٹیموں کے بالر بھی حیران کن کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں