ٹی ٹوئنٹی کرکٹ، سرفراز احمد کپتان بنا ہی دیے گئے
5 اپریل 2016خبر رساں ادارے اے پی نے بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کو قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا نیا کپتان بنا دیا ہے۔ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس میں پاکستان کی بری کارکردگی کے باعث ہونے والی تنقید کے نتیجے میں شاہد آفریدی نے کپتانی سے سبکدوش ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔
شاہد خان آفریدی کی قیادت میں پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم نہ تو ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کر سکی تھی اور نہ ہی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل تک پہنچ سکی تھی۔ اس بری کارکردگی کی وجہ سے پاکستان بھر میں شاہد آفریدی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ کپتانی سے الگ ہونے کے بعد بھی شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ وہ بین الاقوامی اور ڈومیسٹک سطح پر ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں میں شرکت کے لیے تیار ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے منگل پانچ اپریل کو سرفراز احمد سے گفتگو میں انہیں یہ خبر دی کہ بورڈ انہیں کپتان بنانا چاہتا ہے۔ ذرائع کے مطابق سرفراز احمد نے اس پیشکش کو قبول کر لیا ہے۔ سرفراز احمد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ کی ٹیم کی سربراہی کرتے ہیں۔ کوئٹہ کی ٹیم پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کے فائنل میں اسلام آباد کی ٹیم سے شکست کھا گئی تھی لیکن سرفراز احمد کی کپتانی کی انتہائی تعریف کی گئی تھی۔
اٹھائیس سالہ سرفراز اکیس ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ان کے قدرتی جارحانہ انداز کی وجہ سے پہلے ہی ایسے اندازے لگائے جا رہے تھے کہ شاہد آفریدی کے بعد انہیں ہی کپتان بنایا جائے گا۔ انہوں نے اٹھاون ایک روزہ میچوں کے علاوہ اکیس ٹیسٹ میچوں میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر رکھی ہے۔ کرکٹ ناقدین کے مطابق انہیں کپتان بنانے کا فیصلہ اچھا ثابت ہو گا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچوں میں سرفراز احمد کو بلے بازی کا کوئی خاص موقع فراہم نہیں ہوسکا تھا۔ اپنے چار میچوں میں وہ اچھی فارم کے باوجود نچلی پوزیشن پر کھیلنے کے لیے بھیجے گئے تھے اور اس بات پر بھی کپتان آفریدی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
دوسری طرف پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران وقار کی کوچنگ میں پاکستانی ٹیم اپنے چار میچوں میں سے صرف ایک میں ہی کامیاب ہو سکی تھی۔ اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو ہرانے کے بعد پاکستانی ٹیم بھارت، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے شکست کے بعد اس اہم عالمی مقابلے سے باہر ہو گئی تھی۔