پاپائے روم کے لیے سال کی متاثر کُن شخصیت کا اعزاز
12 دسمبر 2013اس میگزین کا کہنا ہے کہ پوپ فرانسس دو ہزار سالہ پرانے اس کلیسا پر غیرمعمولی انداز سے اثر انداز ہوئے ہیں اور انہوں نے اس کے تصور کو ایک انتہائی مختصر مدت میں بدل کر رکھ دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ٹائم میگزین کی منیجنگ ایڈیٹر نینسی گِبز کہتی ہیں: ’’وہ حقیقی طور پر ہمارے سامنے ایک ایسے فرد کی مانند آئے ہیں جس نے دنیا کے قدیم ترین اداروں میں سے ایک کے بارے میں پائے جانے والے تصور اور رویے کو غیرمعمولی انداز سے تبدیل کیا ہے۔‘‘
ویٹی کن نے ٹائم میگزین کے اس اعزاز کے ردِ عمل میں کہا ہے کہ یہ حیرت انگیز نہیں ہے کیونکہ عوام میں پوپ فرانسس کے بارے میں پہلے ہی ایسا تاثر پایا جاتا ہے۔ ویٹی کن کے ترجمان فیڈریکو لومبارڈی کا کہنا ہے کہ اس کے باوجود ان کا انتخاب بین الاقوامی ذرائع ابلاغ میں روحانی اِقدار کو تسلیم کرنے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ’’پاپائے روم کو مشہور ہونے کی تمنا نہیں اور نہ ہی وہ اعزازت کے متمنی ہیں۔ لیکن اگر سال کی متاثر کُن شخصیت بننے کے لیے منتخب ہونے سے انجیل کا پیغام پھیلانے میں مدد ملتی ہے تو وہ اس کے لیے یقینی طور پر خوش ہوں گے۔‘‘
ارجنٹائن کے سابق کارڈینل خورخے ماریو بیرگوگلیو کو رواں برس مارچ میں پاپائے روم منتخب کیا گیا تھا۔ وہ لاطینی امریکا سے تعلق رکھنے والے پہلے پوپ ہیں جبکہ وہ کلیسا کی ایک جماعت جیزویٹ سے تعلق رکھنے والے بھی پہلے پاپائے روم ہیں۔
پاپائیت کا منصب سنبھالنے کے بعد سے انہوں نے کیتھولک کلیسا پر زور دیا ہے کہ وہ ’تنگ ذہنیت پر مبنی قواعد‘ سے بندھی نہ رہے۔ وہ اسقاطِ حمل، ہم جنس پرستوں اور مانع حمل دواؤں جیسے نازک موضوعات کے بارے میں مذمت کے بجائے ہمدردی کا رویہ اختیار کرنے کی تاکید کرتے ہیں۔
پوپ فرانسس نے ’پیسے کی پُوچا‘ اور غریبوں کو نظر انداز کیے جانے کی مذمت کی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے سادہ انداز اور مزاح کی حِس کے ذریعے لوگوں کے دِل مو لیے۔ ان کی اس شخصیت کے باعث سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان کے اکاؤنٹ نے بھی انتہائی توجہ حاصل کی جس پر اس وقت 10 ملین افراد ان کے پیغامات موصول کر رہے ہیں۔
ٹائم میگزین 1927ء سے ہر سال ایک متاثر کُن شخصیت کا اعلان کرتا آ رہا ہے۔ رواں برس اس کی جانب سے امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے سابق ملازم ایڈورڈ سنوڈن کے لیے بھی یہ اعزاز متوقع تھا جس نے امریکا کے جاسوسی کے خفیہ پروگرام کا انکشاف کر کے عالمی توجہ حاصل کی۔