پاکستانی خفیہ ادارے کا منفی تاثر، بھارتی فلم پر پابندی عائد
صائمہ حیدر
15 دسمبر 2017
بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان اور کترینہ کیف کی نئی آنے والی فلم کو پاکستان میں نمائش سے روک دیا گیا ہے۔ اس فلم کو پاکستان کی خفیہ ایجنسی کو منفی انداز میں پیش کرنے پر پابندی کا سامنا ہے۔
اشتہار
بالی ووڈ فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ اس مہینے پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں ایک ساتھ نمائش کے لیے پیش کی جانی تھی۔ تاہم پاکستانی حکام نے تقسیم کاروں کو اس فلم کی درآمد اور ملک کے تمام سینما گھروں میں اس کی نمائش کو اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق ایسا اس لیے کیا گیا کیونکہ فلم میں پاکستان کی سب سے طاقتور خفیہ ایجنسی ، آئی ایس آئی کو مبینہ طور پرہتک آمیز انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
پاکستان سنسر بورڈ کے چیئرمین مبشر حسن کا کہنا ہے، " ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اس فلم کو نمائش کے لیے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔ فلم میں ہمارے سلامتی کے اداروں کو نشانہ بنایا گیا ہے جو ہرگز قابل قبول نہیں۔ "
فلم ’ ٹائیگر زندہ ہے‘ کی کہانی خان نامی ایک بھارتی ایجنٹ کے گرد گھوم رہی ہے جسے ایک بھارتی نرس کو بچانے کے مشن پر بھیجا جاتا ہے۔ اس نرس کو عراق میں انتہا پسند عسکریت پسندوں نے یرغمال بنا کر رکھا ہوتا ہے۔ اس مشن کے دوران خان کا مقابلہ ایک پاکستانی جاسوس سے بھی ہوتا ہے۔
اس سے قبل پاکستانی فلم سنسر بورڈ نے بھارتی فلم ’رئیس‘ کی نمائش پر ملک گیر پابندی عائد کی تھی۔ اس فلم میں سپر سٹار شاہ رخ خان کے ساتھ پہلی بار معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے بھی کام کیا تھا۔ اس بارے میں پاکستانی فلم سنسر بورڈ کا کہنا تھا کہ بھارتی فلم ’رئیس‘ کو نامناسب مندرجات کے باعث سنسر بورڈ نے اپنا سرٹیفیکیٹ جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
کروڑ پتی بھارتی اداکاروں کی پہلی کمائی کیا تھی؟
امیتابھ بچن اور سلمان خان سمیت بالی ووڈ کے بہت سے روشن ستارے آج کروڑوں روپے کے مالک ہیں۔ لیکن ان کے چاہنے والوں کے لیے یہ جاننا بہت دلچسپ ہو گا کہ ان معروف فنکاروں کی پہلی کمائی کیا تھی؟
تصویر: Getty Images/A. Rentz
امیتابھ بچن
بھارت کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن فلموں میں آنے سے قبل ایک شپنگ کمپنی میں ملازمت کرتے تھے۔ اُن کو پہلی ملنے والی تنخواہ پانچ سو روپے تھی۔
تصویر: J. Tallis/AFP/Getty Images
سلمان خان
’دبنگ فیم‘ سلمان خان نے اپنا کیریئر اسٹیج ڈانس پرفارمر کے طور پر شروع کیا تھا۔ سلمان کو ایک ڈانس شو کے پچھتر روپے ملا کرتے تھے۔
تصویر: Getty Images/AFP
عرفان خان
معروف کیریکٹر ایکٹر عرفان خان اداکاری میں آنے سے قبل ٹیوشن پڑھایا کرتے تھے جس کے انہیں پچیس روپے ملے تھے۔
تصویر: STRDEL/AFP/Getty Images
کلکی کوچلن
کلکی اداکاری سے پہلے انگلینڈ کے ایک کیفے میں ویٹرس کا کام کرتی تھیں۔ اُن کی پہلی آمدنی چالیس پونڈ تھی۔
تصویر: Getty Images/AFP/S. Hussain
دھر میندر
شہرہ آفاق بولی ووڈ ہیرو دھرمیندر کو اُن کی پہلی فلم ’دل بھی تیرا ہم بھی تیرے‘ کے لیے کام کرناے کا معاوضہ اکیاون روپے ادا کیا گیا تھا۔
تصویر: AP
رندیپ ہڈا
بالی ووڈ کے مشہور ایکٹر رندیپ ہڈا آسٹریلیا میں ایک ریستوران میں بطور ویٹر کام کرتے تھے۔ اس کام کے لیے انہیں فی گھنٹہ آٹھ آسٹریلین ڈالر اجرت ملی تھی۔
تصویر: Getty Images/AFP
شاہ رخ خان
شاہ رخ خان آج بھارتی فلم انڈسٹری کے چوٹی کے ہیرو شمار ہوتے ہیں لیکن یہ کوئی نہیں جانتا کہ اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے سے قبل خان نے کیا کیا پاپڑ بیلے۔ شاہ رخ خان ٹرینوں میں ریزرو نشتیں کسی مسافر کے ہاتھ بیچ دیتے تھے اور اس طرح کچھ پیسے بنا لیا کرتے تھے۔
تصویر: picture-alliance/Dinodia Photo Library
سونم کپور
قابل اور حسین اداکارہ اور معروف بھارتی اداکار انیل کپور کی صاحبزادی سونم کپور نے اپنی عملی زندگی کا آغاز اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی حیثیت سے کیا تھا اور انہیں ماہانہ تین ہزار روپے تنخواہ ملتی تھی۔
تصویر: Getty Images/AFP/L. Venance
رتک روشن
رتک روشن نے چائلڈ آرٹسٹ کی حیثیت سے سو روپے معاوضے کے بدلے کام کا آغاز کیا تھا۔
تصویر: Imago/Zuma Press
عامر خان
عامر خان نے فلموں میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام کا آغاز کیا اور انہیں جو پہلی تنخواہ ملی وہ ایک ہزار روپے تھی۔
تصویر: 2008 Aamir Khan Productions
نصیرالدین شاہ
نصیرالدین شاہ بھارتی آرٹ فلموں کے ایک مایہ ناز اداکار ہیں۔ سوشل موضوعات پر اُن کی بیشتر فلمیں بار بار دیکھنے کے قابل ہیں۔ یہ امر دلچسپی سے خالی نہیں کہ شاہ پہلی بار ایک فلم میں چتا کو آگ لگائے جانے کے ایک سین میں ارد گرد کھڑے تماشائیوں میں شامل تھے اور اس کام کے لیے انہیں ساڑھے سات روپے ملے تھے۔
تصویر: AP
عمران ہاشمی
رومانوی فلموں کے ہیرو عمران ہاشمی کو ایک مچھر مار دوا کے ٹی وی اشتہار میں کام کرنے کے عوض 2500 انڈین روپے بطور معاوضہ دیے گئے تھے۔