1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتایران

پاکستانی سرحد کے قریب جھڑپ، پانچ ایرانی اہلکار ہلاک

21 مئی 2023

پاکستانی سرحد کے قریب ایک نامعلوم مسلح گروپ کے ساتھ جھڑپ میں پانچ ایرانی سرحدی محافظ مارے گئے ہیں۔ دوسری جانب ایران نے اپنی مغربی سرحدوں سے ’اسرائیل سے منسلک ایک دہشت گرد‘ گروپ کو پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پاکستانی سرحد کے قریب جھڑپ، پانچ ایرانی اہلکار ہلاک
پاکستانی سرحد کے قریب جھڑپ، پانچ ایرانی اہلکار ہلاکتصویر: Vahid Salemi/AP Photo/picture alliance

ایرانی سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق لڑائی کا یہ واقعہ پاکستانی سرحد کے قریب ایرانی قصبے سراوان میں پیش آیا ہے۔ یہ قصبہ ایرانی صوبے سیستان و بلوچستان میں واقع ہے۔ قبل ازیں ہلاک ہونے والے ایرانی اہلکاروں کی تعداد چھ بتائی گئی تھی۔ اس واقعے میں دو ایرانی اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ایران کی ارنا نیوز ایجنسی نے لکھا ہے، ''اتوار کا حملہ ایک دہشت گرد گروپ نے کیا، جو ملک میں دراندازی کی کوشش کر رہا تھا۔‘‘ اس ایجنسی کے مطابق حملہ آور زخمی ہونے کے بعد وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب رہے ہیں۔

پاکستان سے سکیورٹی بہتر بنانے کا مطالبہ

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنانی نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا،  ''ایران توقع کرتا ہے کہ پاکستان دہشت گرد گروپوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور مشترکہ سرحدوں کی حفاظت کو بہتر بنانے کی کوشش کرے گا۔‘‘

ایران سے پاکستان میں ایندھن کی اسمگلنگ میں واضح اضافہ

ابھی تک کسی بھی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی اور نہ ہی ایران نے کسی پر الزام عائد کیا ہے۔ یہ علاقہ ایران کے سب سے کم ترقی یافتہ حصوں میں سے ایک ہے۔ اس خطے کے سُنی اکثریتی باشندوں اور ایران کی شیعہ تھیوکریسی کے درمیان تعلقات ایک طویل عرصے سے کشیدہ چلے آ رہے ہیں۔

پاکستانی سرحد کے قریب جھڑپ، پانچ ایرانی اہلکار ہلاکتصویر: Abdul Ghani Kakar

ابھی چند روز پہلے ہی پاکستانی اور ایرانی حکام نے اس علاقے میں ایک بارڈر مارکیٹ کا افتتاح کیا تھا، جس کا مقصد دو طرفہ تجارت اور تعلقات میں اضافہ کرنا بتایا گیا تھا۔ پاکستان اور ایران کے درمیان سرحدی علاقے میں پیشین نامی دور افتادہ ایرانی گاؤں میں اس بارڈر مارکیٹ کا افتتاح پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے مل کر کیا تھا۔ یہ گاؤں بھی ایرانی صوبے سیستان بلوچستان میں واقع ہے۔

پاک ایران سرحدی علاقوں میں بڑھتی کشیدگی، وجوہات کیا ہیں؟

سن 2012 کے ایک معاہدے کے تحت دونوں ہمسایہ ممالک اپنے مشترکہ سرحدی علاقوں میں ایسی چھ بارڈر مارکیٹیں قائم کریں گے۔ اس اقدام کا مقصد پاک ایران تجارت اور باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینا ہے۔

دہشت گرد گروہ پکڑنے کا دعویٰ

دریں اثنا ایران کے وزیر انٹیلی جنس نے کہا کہ اتوار کو ایران کی مغربی سرحدوں سے اسرائیل سے منسلک ایک ''دہشت گرد‘‘ گروپ کو پکڑ لیا گیا ہے۔ نیم سرکاری نیوز ایجنسی نور کے مطابق یہ گروپ ایران میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران پکڑا گیا ہے۔ ایران کی مغربی سرحدیں عراق اور ترکی کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں۔

 یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب ایرانی جوہری پروگرام کے حوالے سے ایران اور اس کے حریف اسرائیل کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔

ا ا / ع ت (اے ایف پی، روئٹرز)

ایرانی معیشت کا بڑا حصہ، ایرانی انقلابی گارڈز کے ہاتھ میں

02:29

This browser does not support the video element.

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں