پاکستانی شہر ڈیرہ غازی خان میں کار بم حملہ کم از کم27 ہلاک
16 دسمبر 2009پاکستان کے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے جنوبی حصے میں واقع اہم شہر ڈیرہ غازی خان کے کمیٹی چوک کے قریب گزشتہ روز ایک خود کش بمبار نے بارود سے لدی گاڑی کو مصروف اور بھیڑ والے مقام پر لا کر اڑا ڈالا۔ زور دار دھماکے سے سارے علاقے میں افراتفری پھیل گئی۔
حکام کے مطابق دھماکے کے وقت صوبائی وزیر دوست محمد کھوسہ گھر پر موجود نہیں تھے۔ پولیس کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار کو صوبائی وزیر کی رہائش گاہ کے قریب ڈیرہ غازی خان کے معروف کاروباری مرکز کھوسہ مارکیٹ کے قریب لا کر دھماکے سے اڑا دیا۔
دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے قریبی بڑے شہر ملتان پہنچایا گیا۔ ہلاک شدگان کی تعداد ستائیس سے تجاوز کر چکی ہے۔ ابھی بھی متعد زخمیوں کی حالت نازک بیان کی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ دھماکے کے مقام کے قریب واقع کھوسہ مارکیٹ میں متعدد دکانیں منہدم ہو گئیں۔ مارکیٹ کے قریب واقع ایک مسجد کی عمارت بھی تباہی کا شکار ہوئی اور دھماکے کی جگہ پر 10 فٹ گہرا گڑھا پڑگیا۔ صوبائی وزیر کے گھر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ گھر پر وزیر کے اہل خانہ یا دوسرے رشتہ دار بھی موجود نہیں تھے۔
امدادی کارکنوں کے مطابق متعدد افراد ان دکانوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ مقامی حکام کا خیال ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 40 تک ہو سکتی ہے۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت : افسر اعوان