1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی صحافی کے لیے صحافت کا عالمی اعزاز

ندیم گِل23 اگست 2014

پاکستانی صحافی عاصمہ شیرازی نے رواں برس کے لیے پیٹر ماکلیر ایوارڈ برائے جرأت مندانہ اور اخلاقی صحافت جیت لیا ہے۔

تصویر: picture-alliance/ZB

پیٹر ماکلیر ایوارڈ کی پراجیکٹ ڈائریکٹر کامیل ماکلیر نے جمعہ 22 اگست کو واشنگٹن میں عاصمہ شیرازی کے لیے اس اعزاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا: ’’محترمہ شیرازی نے اپنے کیریئر میں ہر دِن صحافت کی اخلاقیات کے لیے جو حوصلہ اور جذبہ دکھایا ہے، اسے تسلیم کرتے ہوئے ہم انتہائی پرجوش ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا: ’’عاصمہ شیرازی نے پاکستان بھر میں تعصب سے پاک اور غیر جانبدار معلومات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالا اور جان سے مارے جانے کی دھمکیوں کی بھی پروا نہ کی۔‘‘

یہ ایوارڈ 23 اکتوبر کو واشنگٹن کے نیشنل پریس کلب میں عاصمہ شیرازی کو دیا جائے گا۔ امریکا میں میڈیا واچ ڈاگ رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈرز کی ڈائریکٹر ڈیلفین ہالگینڈ کا کہنا ہے: ’’شیرازی کو دیا گیا ایوارڈ ان لوگوں کے حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے جو پاکستان میں معلومات تک آزاد رسائی کے لیے لڑ رہے ہیں۔‘‘

پاکستان کا شمار صحافیوں کے لیے خطرناک ملکوں میں ہوتا ہےتصویر: picture alliance/dpa

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں 2013ء میں سات صحافیوں کو پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران ہلاک کر دیا گیا۔

شمالی امریکا کے لیے اے ایف پی کے ڈائریکٹر ڈیوڈ ملیکین نے بھی کہا ہے کہ خطرات کے باوجود پاکستان میں تنازعات اور سیاسی امور کی رپورٹنگ کے لیے عاصمہ شیرازی نے عظیم حوصلہ اور ثابت قدمی دکھائی جسے تسلیم کیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عاصمہ شیرازی نے جن تنازعات پر رپورٹنگ کی ان میں 2006ء کی اسرائیل۔لبنان جنگ، 2009ء میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر طالبان کی پرتشدد کارروائیاں اور 2007ء میں میں پاکستان کے سابق فوجی صدر جنرل پرویز مشرف کی جانب سے نافذ کی گئی ایمرجنسی شامل ہے۔

وہ دو معروف ٹیلی وژن ٹاک شوز کی میزبان بھی رہی ہیں جن میں سے ایک پارلیمانی امور پر تھا جس پر مشرف نے اپنے دَور حکومت میں اس وقت پابندی لگا دی تھی جب انہوں نے خبروں کی آزاد کوریج پر قدغن لگائی۔

پیٹر ماکلیر ایوارڈ 2008ء سے ہر سال دیا جا رہا ہے اور شیرازی یہ اعزاز پانے والی پہلی پاکستانی اور دوسری خاتون صحافی ہیں۔ 2011ء میں یہ ایوارڈ ہنڈوراس کی ریڈیو نیوز ایڈیٹر کارلا ریواس کو دیا گیا تھا۔

یہ ایوارڈ اے ایف پی کے مرحوم صحافی پیٹر ماکلیر کی یاد میں دیا جاتا ہے۔ اس ایوارڈ کے منتظمین میں گلوبل میڈیا فورم، اے ایف پی اور رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈرز شامل ہیں۔ خیال رہے کہ رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈرز کی جانب سے جاری کیے گئے ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں 180ملکوں میں پاکستان 158ویں نمبر پر ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں