پاکستانی عوام کا سری لنکا سے اظہار یکجہتی
22 اپریل 2019پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے اس افسوس ناک سانحہ کے حوالے سے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا،’’میں ایسٹر کے موقع پر سری لنکا میں خوفناک دہشت گردانہ حملے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع کی شدید ترین الفاظ میں مذمت اور سری لنکن بھائیوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان سری لنکا کے ساتھ ہے۔‘‘
پاکستان کی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں لکھا،’’دنیا بھر میں دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے عالمی سطح پر متحد قوت کی ضرورت ہے۔ اس مشکل گھڑی میں ہم سری لنکا کے عوام کے ساتھ ہیں۔‘‘
سماجی کارکن ماروی سرمد نے سری لنکا میں ہونے والے حملوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر لکھا،’’ان لوگوں کا کیا قصور تھا، یہ صرف ایسٹر منا رہے تھے۔ وہ زندگی کی خوشیاں منا رہے تھے، جب ان سے ان کی زندگیاں چھین لی گئیں۔ ظالم طاقتیں اس خوبصورت دنیا کو ہم سے چھین رہی ہیں۔‘‘
ٹوئٹر کے ایک پاکستانی صارف ثاقب شکور نے لکھا،’’ دہشت گردی، نفرت اور تشدد عالمی سرطان ہیں، جو انسانیت کو تباہ کر رہے ہیں۔‘‘
پاکستان کے مختلف شہروں میں مسیحی برادری اور سول سوسائٹی نے سری لنکا میں ہلاک ہونے والے افراد کی یاد میں شمعیں روشن کیں اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
ب ج / ا ا