1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی فاسٹ بولر محمد حسنین عالمی کپ میں ’سرپرائز پیکیج‘

4 مئی 2019

آسٹریلوی کپتان اسٹیو وا نے چار برس قبل پیشن گوئی کی تھی کہ پاکستانی تیز گیند باز محمد حسنین ایک دن بین الاقوامی کرکٹ میں خود کو منوائے گا۔ انیس سالہ حسنین عالمی کپ میں اعلیٰ کارکردگی کے لیے پر امید ہیں۔

Cricket Mohammad Hasnain
تصویر: Getty Images/D. Rogers

برطانیہ اور ویلز میں رواں ماہ کے اواخر سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ 2019ء میں پاکستانی فاسٹ بولر محمد حسنین کے پاس آسٹریلوی کپتان اسٹیو وا کو درست ثابت کرنے کا بہترین موقع ہے۔

پاکستان کے سابق مایہ ناز بلے باز اور موجودہ چیف سلیکٹر انضمام الحق انیس سالہ حسنین کو ایک ’سرپرائز پیکیج‘ قرار دے چکے ہیں جبکہ لیجنڈری فاسٹ بولر وقار یونس نئے اسپیڈ اسٹار کی تباہ کن اور تیز گیند بازی میں اپنی شبیہ دیکھتے ہیں۔

طویل قدامت اور چہرے پر بڑی مسکراہٹ کے ساتھ محمد حسنین پہلی مرتبہ 2015ء  میں ملکی سطح پر 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند بازی کرتے ہوئے دکھائی دیے۔ حسنین جتنی تیز رفتار سے گیند بازی کرتے ہیں اتنی ہی تیزی سے ان کی قومی ٹیم میں سلیکشن بھی ممکن ہو گئی۔ پاکستان سپر لیگ کے گزشتہ سیزن میں کوئٹہ گلیڈیئٹرز کو پہلی مرتبہ چیمپئن بنانے کے بعد ایک ہی ہفتے میں انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کر لیا۔

تصویر: Getty Images/S. Forster

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے حسنین نے ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ حسنین کے بقول، وہ اپنی تیز گیند بازی سے بلے بازوں کو تنگ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کو تیز گیند بازی کرنا پسند ہے اور یہ ہی ان کی خاص صلاحیت ہے۔

محمد حسنین کا تعلق پاکستان کے جنوبی شہر حیدرآباد سے ہے۔ کیرئیر کے آغاز میں ان کی کوچنگ کے فرائض سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اقبال امام نے سرانجام دیے۔ امام کے بقول، حسنین حیدرآباد کے لیے U-16 اور U-19 ٹیم میں کھیلا تھا اور شروعات سے ہی اس کا پیس متاثر کن رہا ہے۔

پاکستانی U-15  ٹیم کے سابق کوچ محمد منصور نے آسٹریلوی کپتان کے تاثرات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہ سن 2015 میں سڈنی کے بریڈمین گراؤنڈ میں اسٹیو وا نے پاکستان کی انڈر ففٹین کرکٹ ٹیم میں محمد حسنین اور شاہین شاہ آفریدی کو پہلی مرتبہ کھیلتے ہوئے دیکھا تھا۔ ان کے مطابق، اسٹیو وا نے تب پیشن گوہی کی تھی کہ یہ دونوں لڑکے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنا لوہا منوائیں گے۔

 

نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ اس نوجوان فاسٹ بولرز کی جوڑی کے پاس برطانیہ اور ویلز میں ہونے والے عالمی کپ میں اعلیٰ کاکردگی دکھانے کا موقع ہے۔

ع آ / ع ب (اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں