1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ کریش، دونوں پائلٹ ہلاک

7 جنوری 2020

پاکستانی حکام نے منگل کو پیش آنے والے ایک فضائی حادثے میں ایک لڑاکا طیارے کے تباہ ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ اس ایئر کریش میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹ ہلاک ہو گئے۔

Pakistan Luftwaffe Kampfflugzeug von PAF
تصویر: picture-alliance/Yu Ming Bj

پاکستانی حکام نے منگل کو پیش آنے والے ایک فضائی حادثے میں ایک لڑاکا طیارے کے تباہ ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ اس ایئر کریش میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹ ہلاک ہو گئے۔

اسلام آباد سے موصولہ خبر رساں ادارے ڈی پی اے کی رپورٹ کے مطابق منگل سات جنوری کو پاکستان کی فضائیہ کا ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے اور اس میں سوار دونوں پائلٹس لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ چینی ساخت کا ایئر کرافٹ ایف ٹی سیون اپنی معمول کی آپریشنل ٹریننگ پر تھا۔ یہ حادثہ جنوبی پنجاب کے علاقے میانوالی میں پیش آیا جو پنجاب کے ثقافتی شہر لاہور سے 300 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ پاکستانی فضائیہ کے ترجمان وسیم احمد خان کے مطابق اس حادثہ کی اصل وجوہات سے متعلق تفصیلات منظر عام پر لانے کے لیے تحقیقات شروع کرنے کے احکامات جاری ہو گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق جنگی طیارہ ایک کُھلی فیلڈ میں گرا اور اس کے گرنے کے سبب دونوں پائلٹس کے علاوہ مزید ہلاکتیں نہیں ہوئی ہیں۔

جولائی 2018 ء میں اسلام آباد کے پہاڑی علاقوں میں کریش ہونے والے ایک مسافر طیارے کے حادثے میں بچ جانے والوں کی تلاش ایک آرمی ہیلی کوپٹر کے ذریعےتصویر: AP

دریں اثناء پاکستانی ایئر فورس کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں حادثے کا شکار ہو کر ہلاک ہونے والے دونوں پائلٹس کے نام ظاہر کر دیے گئے ہیں۔ پریس ریلیز کے مطابق فائٹر جیٹ ایف ٹی سیون پر سوار اسکوارڈن لیڈر حارث بن خالد اور فلائنگ آفیسر عباد الرحمان ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایئر ہیڈ کوراٹرز نے اس حادثے کی مکمل تحقیقات کے احکامات جاری کیے ہیں۔

پاکستانی فضائیہ کا یہ طیارہ میانوالی کی اوپن فیلڈ میں گر کر تباہ ہوا ہے جو وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا آبائی علاقہ ہے۔

حادثے کے فوراً بعد ہی ریسکیو ٹیم جائے حادثے پر پہنچ گئی تھی اور دونوں پائلٹس کی لاشوں کو فوراً کمبائنڈ ملٹری ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ اس علاقے کو مکمل گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ ایک سرکاری اہلکار کے مطابق ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حادثے کے رونما ہونے سے پہلے جہاز میں سوار دونوں پائلٹس کو جہاز سے انخلا کا موقع نہیں ملا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں ایک پاکستانی فوج طیارے کے حادثے میں 19 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ یہ طیارہ تربیتی پرواز کے دوران راولپنڈی کے ایک رہائشی علاقے میں داخل ہوتے ہوئے کریش کر گیا تھا۔

ک م / ب ج/ ڈی پی اے

   

 

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں