1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی فورسز کے سولہ مغوی اہلکاروں کی لاشیں مل گئیں

5 جنوری 2012

کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گزشتہ ماہ اغوا کیے گئے سکیورٹی فورسز کے سولہ اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔

تصویر: AP

جمعرات کو پاکستانی فورسز کے سولہ مغوی اہلکاروں کی لاشیں ملی ہیں۔ پاکستانی طالبان نے بائیس دسمبر کو افغان سرحد سے ملحق ایک قبائلی علاقے میں واقع ایک سرحدی چوکی پر حملہ کر کے ان سکیورٹی اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔ یہ فرنٹئر کانسٹیبلری کے اہلکار تھے، جو سرحدی علاقے ٹانک کے نواح میں تعینات تھے۔

تحریک طالبان پاکستان نے ان ہلاکتوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ سرحدی کانسٹیبلری کے مقامی کمانڈر علی شیر محسود کا کہنا ہے، ’’ہمیں معلومات حاصل ہوئی ہیں کہ مغوی اہلکاروں کو شاوا میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔‘‘ یہ شمالی وزیرستان میں ایک چھوٹا سا شہر ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ’’ہم شمالی وزیرستان کے قبائلی علاقوں کے حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ‘‘ اطلاعات کے مطابق تمام اہلکاروں کو گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا۔

پاکستان میں طالبان کے ایک سو سے زائد دھڑے متحرک ہیںتصویر: picture alliance/dpa

تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے نیوز ایجنسی اے پی کو ایک نامعلوم جگہ سے ٹیلی فون کر کے بتایا کہ ان سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کر کے جمعرات کو ان کی لاشیں شمالی وزیرستان میں پھینک دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ’’ہم نے سکیورٹی فورسز کی مسلسل کارروائیوں کا بدلہ لیا ہے۔ وہ حقیقت میں امریکیوں کے لیے جنگ لڑ رہے ہیں۔‘‘

تشدد کے اس تازہ مبینہ واقعے سے اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستان میں طالبان باغیوں کے سبھی دھڑے حکومت پاکستان سے مذاکرات کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں طالبان کے ایک سو سے زائد دھڑے متحرک ہیں۔

گزشتہ کچھ عرصے سے ایسی اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ پاکستانی خفیہ ادارے طالبان باغیوں سے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم اسی دوران طالبان باغیوں کی طرف سے ایسے دعوؤں کی تردید بھی کی جاتی رہی ہے۔

رپورٹ: راحل بیگ

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں