1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی وزیر داخلہ کے متنازعہ بیان پر عوامی ردعمل

7 دسمبر 2011

پاکستان میں لوگوں کی بڑی تعداد نے وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کے اس بیان پر حیرت کا اظہار کیا ہے جس میں انھوں نے یوم عاشور کے موقع پر جلوسوں پر حملہ نہ کرنے والی دہشت گرد تنظیموں کا شکریہ ادا کیا تھا۔

پاکستانی وزیر داخلہ رحمان ملکتصویر: Abdul Sabooh

رحمان ملک کے مطابق انھوں نے اس سے قبل ان تنظیموں سے پاکستان میں محرم الحرام کے جلوسوں پر حملہ نہ کرنے اور ہتھیار پھینک دینے کی اپیل کی تھی۔

پاکستانی وزیر داخلہ کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب افغانستان کے دارالحکومت کابل میں شیعہ مسلمانوں پر ہونے والے ایک خودکش حملے میں پچاس سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور ذرائع ابلاغ کے مطابق اس حملے کی ذمہ داری لشکر جھنگوی العالمی نامی مبینہ طور پر ایک پاکستانی تنظیم نے قبول کرلی ہے۔

پاکستان میں لوگوں کی بڑی تعداد نے وزیر داخلہ کے اس بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے اس پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے اور اس حوالے سے رحمان ملک کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے افضل سرویا نامی ایک شخص کا کہنا تھا، ’’رحمان ملک کے اس غیر ذمہ دارانہ بیان سے امریکہ کے ان الزامات کو تقویت ملی ہے جن میں پاکستان کے دہشت گرد تنظیموں سے رابطوں کا خدشہ ظاہر کیا جاتا رہا ہے۔‘‘ ان کے بقول ایک ایسے موقع پر جب پاک امریکہ کشیدگی عروج پر ہے اور پاکستان پر حملے ہو رہے ہیں، ایسے بیانات دینا آ بیل مجھے مار کے مترادف ہے۔

ایک خاتون وکیل زاہدہ شکیل نے بتایا، ’’اس بیان سے یہ تاثر ملتا ہے کہ وزیر داخلہ دہشت گرد تنظیموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی سکت نہیں رکھتے اور وہ ان کے رحم وکرم پر ہیں۔ ہمارے وزیر داخلہ یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم آپ کا مقابلہ نہیں کر سکتے، حملے نہ کرنے کا شکریہ، براہ کرم ہمیں آئندہ بھی معاف ہی کر دیجیے گا۔‘‘

مرتضٰی نامی ایک کلرک نے کہا، ’’دہشت گرد ملک وقوم کے دشمن ہوتے ہیں ان کی مذمت کی جانی چاہیے، اس لیے وزیر داخلہ کا یہ بیان مناسب نہیں ہے۔‘‘

لوگوں کی ایک بڑی تعداد کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ کے اس بیان سے تاثر ملتا ہے کہ حکومت طالبان کے رحم و کرم پر ہےتصویر: AP

کرنل (ر) فرخ نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ وزیر داخلہ اگر ایسا بیان نہ جاری کرتے تو اچھا ہوتا لیکن ان کے خیال میں رحمان ملک نے چلتے چلتے ایک بات کی جسے سنجیدگی سے نہیں لیا جانا چاہیے۔ ان کے بقول اس بیان کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ پاکستان دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی کا ارادہ نہیں رکھتا ہے۔

راؤ مدثر اعظم نامی ایک نوجوان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ کا یہ بیان دہشت گردوں کے خلاف ان کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔

ایک بنک سے وابستہ نعمان جعفری نامی ایک نوجوان نے کہا، ’’اس طرح کے بیانات دنیا میں ہماری جگ ہنسائی کا باعث بنتے ہیں۔ ہمارے لیڈروں کو پتہ ہی نہیں ہے کہ ایسے بیانات کا عالمی لیول پر کیا اثر ہوتا ہے۔‘‘

رپورٹ: تنویر شہزاد، لاہور

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں