1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی ٹیم ایک مرتبہ پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئی

عدنان اسحاق3 فروری 2015

منگل کو نیوزی لینڈ نے عالمی کپ شروع ہونے سے پہلے اپنے آخری ایک روزہ کرکٹ میچ میں پاکستان کو ایک سو انیس رنز سے شکست دے دی۔ نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر ریکارڈ تین سو انہتر رنز بنائے تھے۔

تصویر: dapd

نیوزی لینڈ نے سیریز کے دوسرے اور آخری ون ڈے میں ایک جانب تو پاکستانی باؤلنگ کو تہس نہس کیا اور جب پاکستانی بلّے باز میدان میں اترے تو کیوی باؤلرز نے کسی کو بھی کریز پر ٹکنے نہ دیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 111 رنز پر گری، جو اوپنرز کی جانب سے ایک اچھا آغاز تھا۔ تاہم اس کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ تمام کھلاڑیوں کو ڈریسنگ روم میں جانے کی جلدی تھی۔ نیوزی لینڈ کے ہاتھوں لگاتار دوسری شکست پر کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا، ’’یہ بہت ہی مشکل سیریز تھی۔ ہم نے میچ جیتنے کی پوری کوشش کی تاہم ہمیں ہر شعبے میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔‘‘

عالمی کپ شروع ہونے سے قبل پاکستان کا بھی یہ آخری ایک روزہ میچ تھا۔ نیوزی لینڈ کے اس بڑے اسکور نے عالمی کپ کی تیاریوں کے حوالے سے پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ اور باؤلنگ کی کمزوریوں کو ایک مرتبہ پھر واضح کر دیا ہے۔ عالمی کپ 14 فروری کو شروع ہونے جا رہا ہے۔

تصویر: DW/T. Saeed

کیوی کپتان برینڈن میک کلم نے کہا:’’ہم اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور بہت خوش بھی ہیں۔ اس سے زیادہ اچھی تیاری کوئی نہیں ہو سکتی تھی اور ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ عالمی کپ کے حوالے سے ہماری ٹیم میں کوئی کمی نہیں رہ گئی ہے۔‘‘

نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر ریکارڈ 369 رنز اسکور کیے۔ کین ولیمسنز اور راس ٹیلر نے سنچریاں اسکور کیں۔ ٹیلر نے اپنے 150 ویں بین الاقوامی ایک روزہ میچ میں 102 رنز ناٹ آؤٹ بنائے اور ولیمسنز نے 88 گیندوں پرسب سے زیادہ 112رنز بنائے۔ اسی طرح اوپنر مارٹن گپتل نے 76 رنز اسکور کیے۔

جواب میں پاکستانی ٹیم43.1 اوورز میں 250 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی محمد حفیظ تھے، جنہوں نے 86 رنز اسکور کیے۔ احمد شہزاد 55 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں کھلاڑی تھے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عرفان سب سے کامیاب باؤلر رہے۔ انہوں نے 52 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بلاول بھٹی نے اپنے دس اوورز میں 93 رنز دیے اور کوئی بھی وکٹ حاصل نہیں کر پائے۔

ایک روزہ میچوں میں پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ کا یہ اب تک سب سے بڑا اسکور تھا۔ اس سے قبل 2011ء میں آکلینڈ میں نیوزی لینڈ نے 311 رنز بنائے تھے۔ گزشتہ ہفتے کھیلے جانے والے پہلے میچ میں بھی میزبان ٹیم نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔ گزشتہ دس ایک روزہ میچوں میں نیوزی لینڈ کی یہ آٹھویں فتح تھی۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں