پاکستانی پاسپورٹ کے لیے کون سے ممالک ویزہ فری؟
20 ستمبر 2024پاسپورٹ انڈیکس نامی آن لائن سروس دنیا کے مختلف ممالک کے پاسپورٹس کے بارے میں معلومات مرتب کرتی ہے۔ یہاں نہ صرف کسی بھی پاسپورٹ کی نہ صرف عالمی رینکنگ دیکھی جا سکتی ہے بلکہ یہ بھی معلوم کیا جا سکتا ہے کہ آپ اپنے پاسپورٹ کے ساتھ کن ممالک کا ویزہ فری سفر کر سکتے ہیں، کن ممالک کے لیے آپ کو ویزہ آن ارائیول یعنی اس ملک کے ایئرپورٹ پر پہنچنے پر ویزا مل جائے گا، کن ممالک کا ویزہ آپ آن لائن حاصل کر سکتے ہیں اور کن ممالک کے لیے آپ کو باقاعدہ ویزہ اپلائی کرنا پڑے گا۔
جاپانی پاسپورٹ پہلے اور پاکستانی 102 ویں مقام پر
انسانوں کی اسمگلنگ کے خلاف پاکستانی پاسپورٹ بائیومیٹرک
سال 2024 کے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کا پاور رینک 97 ہے۔ پاور رینک دراصل موبیلٹی اسکور کی بنیاد پر مرتب کیا جاتا ہے، اور موبیلٹی اسکور کا مطلب ہے کہ کتنے ایسے ممالک ہیں، جہاں کا سفر آپ با آسانی کر سکتے ہیں۔ ان میں ویزہ فری، ویزا آن ارائیول، یعنی جہاں پہنچنے پر آپ کو ویزہ مل جائے گا اور وہ ممالک بھی شامل ہیں جن کے لیے آپ کو آن لائن ویزہ دستیاب ہے۔ پاسپورٹ انڈیکس 2024 کے مطابق پاکستان کا موبیلٹی اسکور 46 ہے۔
پاکستانی پاسپورٹ کے ساتھ دنیا کے نو ممالک ایسے ہیں، جہاں آپ بغیر ویزہ جا سکتے ہیں، تین ممالک ایسے ہیں جہاں کے لیے آپ کو ویزہ کی ضرورت تو نہیں ہے لیکن آپ کو الیکٹرانک ٹریول آتھنٹیکیشن یا (ای ٹی اے) درکار ہو گی، جبکہ 34 ممالک کے لیے ویزہ آپ کو آن لائن ہی مل جائے گا۔
پاکستان کے لیے ویزہ فری ممالک
اگر آپ پاکستانی پاسپورٹ رکھتے ہیں تو شمالی امریکہ کے پانچ ممالک ایسے ہیں جن کے لیے آپ کو ویزہ کی کوئی ضرورت نہیں۔ ان میں بارباڈوس، ڈومینیکا، ہیٹی، سینٹ ونسٹ اینڈ دی گرینیڈینس اور جمہوریہ ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو شامل ہیں۔
براعظم افریقہ کے دو ممالک میں بھی آپ پاکستانی پاسپورٹ کے ساتھ بغیر ویزہ جا سکتے ہیں اور یہ ہیں گیمبیا اور روانڈا۔
جبکہ اوشینیا کے خطے کے دو ممالک مائیکرونیزیا اور وانو آتو بھی ان نو ممالک کی فہرست میں شامل ہیں، جہاں آپ پاکستانی پاسپورٹ کے ساتھ ویزہ فری سفر کر سکتے ہیں۔ اوشینیا کے خطے میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور پیسیفک جزائر شامل ہیں۔
ممالک جن کے لیے ای ٹی اے درکار ہے
وہ ممالک جن کے لیے پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے شخص کو الیکٹرانک ٹریول آتھرائزیشن یا (ای ٹی اے) درکار ہے، وہ آئیوری کوسٹ، کینیا اور سیشلز ہیں اور یہ تینوں بر اعظم افریقہ میں ہیں۔
خیال رہے کہ ای ٹی اے ایسے ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کی کسی دوسرے ملک میں داخلے کی ضرورت ہے، جنہیں ویزہ کی ضرورت نہیں ہوتی تاہم وہ ایک سادہ سے آن لائن پراسیس کے ذریعے اپنے پاسپورٹ کی الیکٹرانک ٹریول آتھرائزیشن کرا سکتے ہیں۔