1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی ڈرائیور کو سری لنکا میں اعزاز

6 اپریل 2009

پچھلے ماہ لاہور میں سری لنکا کی ٹیم پر حملے کے دوران بہادری اور سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی زندگیاں بچانے والے پاکستانی بس ڈرائیور مہر محمد خلیل کے اعزاز میں کولمبو میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔

سری لنکا کی ٹیم کی اس بس کو چاروں طرف سے گولیوں کا نشانہ بنایا گیا تھاتصویر: AP

مہر محمد خلیل اس بس کے ڈرئیور تھے جو بس کھلاریوں کو ہوٹل سے قذافی سٹیڈیم لے کر جا رہی تھی۔ جب دہشت گردوں نے گرنیڈوں اور آتشیں اسلحے سے کھلاڑیوں کے کارواں پر حملہ کیا تومحمد خلیل گولیوں کی اس بارش میں بہادری اور جواں مردی کے ساتھ تیز رفتاری سے بس کو حملہ آووروں سے دور سٹیڈیم کے اندر لے گئے۔ اس طرح بروقت اور صحیح فیصلے نے کئی لوگوں کی جان بچا لی۔

سری لنکا کی ٹیم کے نئے کپتان کمارسنگاکارا نے تقریب میں کہا: ’’ہمارے دلوں میں آپ کے لئے ہمیشہ خاص جگہ رہے گی۔‘‘

سٹیڈیم سے سری لنکا کی ٹیم کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقام کی جانب منتقل کیا گیا تھاتصویر: AP

اس حملے میں چھ پولیس اہلکار ہلاک جب کہ سری لنکا کی ٹیم کے چھ کھلاڑی زخمی ہو گئے تھے۔ زخمی ہونے والے کھلاڑیوں میں سنگاکارا بھی شامل تھے۔ تاہم اس حملے میں سمارا ویرا کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی شدید زخمی نہیں تھا ۔ سمارا ویرا کی ایک ٹانگ پر گولی لگی تھی۔ تاہم وہ بھی اب مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں۔

اس تقریب میں پاکستانی ڈرائیور اور ان کی فیملی کو کرکٹ بورڈ اور دیگر کمپنیوں کی سپانسر شپ پر سری لنکا میں چھٹیاں گزارنے اور اس کے علاوہ اکیس ہزار آٹھ سو ڈالر کا نقد انعام بھی دیا گیا۔

سری لنکا کے کپتان نے اس موقع پر کہا:’’ ہم یہاں آپ کا شکریہ ادا کرنے جمع ہوئے ہیں۔ آپ نے اپنی ذات سے بالا تر ہو کر تیزی سے سوچا جس کی وجہ سے ہم اگلا دن دیکھ پائے۔‘‘

ان حملوں میں راکٹ لانچر سمیت گرینیڈ اور دیگر خودکار اسلحہ استعمال کیا گیا تھاتصویر: picture-alliance/ dpa

حملے کے وقت سری لنکا کی ٹیم کی قیادت مہیلا جے وردھنے کر رہے تھے۔ تقریب میں جے وردھنے کا کہنا تھا :’’ خلیل تم ہمارے ہیرو ہو۔ ہم تمہیں ہمیشہ پورے احترام سے یاد رکھیں گے۔‘‘

اس موقع پر محمد خلیل نے تقریب سے میں کہا : ’’یہ سب میں نے پاکستان کے لئے کیا، سری لنکا کے لئے کیا، جس کے کھلاڑی ہمارے مہمان تھے۔ خدا کی قسم ! میں اس موقع پر ذرا بھی نہیں ڈرا اور میں نے ایک لمحے کو بھی یہ نہیں سوچا کہ مجھے اپنی جان بچانے کے لئے گاڑی سے کود جانا چاہئے۔‘‘

پاکستانی ڈرائیور نے اس موقع پر سری لنکا کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا جس نے بھارت کے انکار کے بعد پاکستان کا دورہ کیا۔

تین مارچ کی صبح جب سری لنکا کی ٹیم دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے کھیل کے لئے اپنے ہوٹل سے سٹیڈیم کی طرف جا رہی تھی تو لبرٹی چوک پر بارہ مسلح دہشت گردوں نے چاروں طرف سے اس کارواں کو اندھا دھند گولیوں کا نشانہ بنایا تھا۔ اس حملے میں سری لنکا کی ٹیم کے کھلاڑیوں کی بس کا اگلا شیشہ اور سائیڈ کے کئی شیشے ٹوٹ گئے تھے۔ اس موقع پر ڈرائیور محمد خلیل تیز رفتاری سے بس دوڑاتے ہوئے بس کو سٹیڈم کی طرف لے گئے اور سری لنکا کے ٹیم کے کھلاڑیوں کی جان بچائی۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں