پاکستان کپ میں آسٹریلوی فاسٹ بولر کے کھیلنے کا اعلان
26 دسمبر 2020پاکستان سپر لیگ کی موجودہ چیمپئن ٹیم کراچی کنگز اور بِگ بیش لیگ میں ہوبارٹ ہَریکینز کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلوی گیندباز ایرن سَمرز پاکستان کے ڈومیسٹک مقابلوں میں شرکت کریں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق چوبیس سالہ سَمرز پاکستان میں آئندہ برس آٹھ جنوری سے شروع ہونے والے ایک روزہ ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ 'پاکستان کپ‘ میں جنوبی پنجاب کی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔
مزید پڑھیے: جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی
اس طرح ایرن سَمرز پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ مقابلوں میں کھیلنے والے پہلے آسٹریلوی کھلاڑی بن جائیں گے۔ اس سے قبل ماضی میں افغانستان اور زمبابوے کے کرکٹرز پاکستانی ڈومیسٹک کرکٹ کا حصہ رہ چکے ہیں۔
آسٹریلوی گیند باز سَمرز نے پاکستان کپ میں شمولیت پر پی سی بی کو دیے گئے ایک بیان میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تیز گیندبازوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور وہ اپنی فاسٹ بالنگ کی صلاحیت میں بہتری کے ساتھ ساتھ اپنی ٹیم 'سدرن پنجاب‘ کی جیت میں کردار ادا کرنے کے لیے کوشش کریں گے۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شمولیت
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے قوانین کے مطابق ڈومیسٹک مقابلوں میں ہر ٹیم ایک غیر ملکی کھلاڑی کو اپنی ٹیم میں شامل کرسکتی ہے۔ پی سی بی کے ہائے پرفارمنس کے ڈائریکٹر ندیم خان کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں کھیلنے کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کو مدعو کرنا چاہتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: انگلش کرکٹ ٹیم اگلے برس پاکستان کا دورہ کرے گی
ندیم خان کے بقول، ہم اپنے ڈومیسٹک کرکٹ کے نظام کو مضبوط، چیلنجنگ اور سخت تر بنانے کے خواہش مند ہیں تاکہ نہ صرف قومی کھلاڑیوں کو فائدہ پہنچا سکیں بلکہ غیر ملکی کرکٹرز کو بھی اپنی جانب راغب کرسکیں۔
ع آ / ع ح (روئٹرز، اے پی)