پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شکست، جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ رینکنگ مزید مستحکم
18 فروری 2013جنوبی افریقہ نے اس طرح ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی اقوام کی درجہ بندی میں اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر اس کے پوائنٹس کی تعداد 124 ہے۔ دوسرے مقام پر 118 پوائنٹس کے ساتھ انگلینڈ ہے جبکہ تیسرے مقام پر آسٹریلیا 117 پوائنٹس کے ساتھ موجود ہے۔ پاکستان کی 109 پوائنٹس ہیں اور وہ چو تھی پوزیشن پر ہے۔
اب ایسا کوئی امکان نہیں کہ کوئی ٹیم جنوبی افریقہ کی موجودہ پوزیشن کو جلد چیلنج کر سکے۔ اس طرح پہلی اپریل کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پہلی ٹیم کے طور پر اسے بطور انعام ساڑھے چار لاکھ امریکی ڈالر دیے جائیں گے۔ پاکستان کو چوتھی پوزیشن پر ہونے کی وجہ سے ڈیڑھ لاکھ بطور انعام حاصل ہو سکتے ہیں۔ اس حوالے سے یہ بھی اہم ہے کہ انگلینڈ کی مضبوط ٹیم نیوزی لینڈ کے دورے پر ہے، اس لحاظ سے انگلینڈ کے پاس دوسری پوزیشن برقرار رکھنے کا بہتر موقع ہے۔
آسٹریلیا کو بھارتی کرکٹ ٹیم کا بھارت ہی میں سامنا ہے۔ اگر آسٹریلیا کی ٹیم بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں واضح انداز میں کامیابی حاصل کرتی ہے تو وہ امکاناً دوسری مقام پر فائز ہو سکتی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں دوسری پوزیشن کی حامل ٹیم کو تین لاکھ پچاس ہزار ڈالرز کی رقم بطور انعام دی جائے گی۔ تیسری پوزیشن کی حامل ٹیم ڈھائی لاکھ کا انعام حاصل کرتی ہے۔ حال ہی میں ٹاپ ٹیم کے انعام میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔
بھارت کی ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی اقوام میں پانچویں پوزیشن ہے اور اس کے پوائنٹس کی تعداد 105 ہے۔
سری لنکا کے پوائنٹس بانوے ہیں اور چھٹی پوزیشن ہے۔ 91 پوائنٹس کے ساتھ ویسٹ انڈیز ساتویں مقام پر ہے جب کہ نیوزی لینڈ کے 78 پوائنٹس ہیں اور آٹھویں پوزیشن ہے۔ بنگلہ دیش کی پوزیشن بظاہر نویں ہے لیکن اس کے پاس تاحال کوئی پوائنٹ نہیں ہے۔
ah/aba(Reuters)