پاکستان آئیڈل کے لیے آڈیشن شروع
1 اکتوبر 2013اسلام آباد میں یہ آڈیشن پاک چین دوستی سینٹر میں منعقد ہوا۔ اس میں 15 سے 30 سال کے درمیانی عمر کے نوجوانوں کو حصہ لینے کی اجازت تھی۔ منصوبے کے مطابق دسمبر میں باقاعدہ پاکستان آئیڈل شروع کیا جائے گا۔ جیو ٹیلی وژن ’ Fremantle Media‘ کے تعاون سے یہ شو پیش کرے گا۔
اسلام آباد میں ہونے والے آڈیشن میں مریم احمد نے بھی حصہ لیا۔ ان کے بقول اس پروگرام کے ذریعے پاکستان میں بھی موسیقی کے شعبے سے وابستہ افراد کو اُسی طرح سے ترقی ملے گی، جس طرح بھارت اور امریکا میں ملی ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے لوگوں کو اپنی صلاحیتوں پیش کرنے کا موقع ملے گا۔
تاہم اس شو کو بھی قدامت پسند حلقوں کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔ مذہبی اسکالر مفتی منیب الرحمن کے بقول یہ پروگرام مذہبی اور ملکی اقدار کے منافی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ایسے پروگرام لڑکے اور لڑکیوں کے آپس میں میل جول کو فروغ دیتے ہیں اور نہ تو اسلام اور نہ ہی پاکستانی معاشرہ اس کی اجازت دیتا ہے۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ بے ہودہ گیتوں کو گانے سے معاشرے میں بے حیائی اور جنسی گمراہی بڑھتی ہے۔
مفتی منیب الرحمن اپنے اس موقف میں تنہا نہیں ہیں بلکہ طالبان عسکریت پسند بھی اسی سوچ کے مالک ہیں۔ طالبان اکثر سی ڈی کی دکانوں اور فنکاروں پر حملے کرتے رہے ہیں۔ تاہم طالبان کی جانب سے ابھی تک اس پروگرام کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ لیکن اس کے باوجود طالبان کے زیر اثر علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان اس پروگرام میں حصہ لینے سے کترا رہے ہیں۔
پشاور سے تعلق رکھنے والی ایک بیس سالہ لڑکی نے بتایا کہ اس کی آواز اچھی ہے اور وہ اس مقابلے میں حصہ لینے کی خواہش مند بھی ہے لیکن طالبان کے خوف سے وہ ایسے نہیں کر رہی کیونکہ ممکن ہے کہ یہ لوگ اس تک پہنچنے میں کامیاب ہو جائیں۔ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں متعدد فنکاروں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے اور ان میں پشتو زبان کی معروف گلوکارہ غزالہ جاوید بھی شامل ہیں۔ انہیں طالبان سے دھمکیاں ملی تھیں تاہم ان کی جانب سے انکار کے بعد 2012ء میں انہیں گولی مار دی تھی۔
جیو ٹی وی میں انٹرٹینمنٹ شعبے کے مینیجنگ ڈائریکٹر آصف رضا میر نے پاکستان آئیڈل پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروڈیوسرز تمام مسائل حل کر لیں گے۔ آصف رضا میر کے بقول جیوری اور عملے کے افراد کو تحفظ فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مقابلہ جیتنے والے کو پاکستانی فلمی صنعت کے لیے گانے کا موقع بھی دیا جائے گا۔ پاکستان آئیڈل کے پروڈیوسر عامر محمود کے بقول انہیں یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ اسلام آباد میں ہونے والے پہلے آڈیشن کے لیے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملک کے تمام بڑے شہروں میں آڈیشنز کرائے جائیں گے۔
پوپ آئیڈل کی تلاش نامی اس سلسلے کی ابتداء 2001ء میں برطانیہ سے ہوئی تھی۔ ایک اندازے کے مطابق گزشتہ 12 برسوں میں اس پروگرام کو 460 ملین ناظرین دیکھ چکے ہیں۔