پاکستان: امریکی قانون ساز الہان عمر کشمیر پہنچ گئیں
21 اپریل 2022امریکی قانون ساز الہان عمر کے اس دورے پر بھارت کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ کشمیر جنوبی ایشیا کی دو جوہری قوتوں بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک دیرنہ تنازعہ ہے جس پر دونوں ممالک کے درمیان جنگیں بھی ہو چکیں ہیں۔
الہان نے بھارت اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے علاقوں کو الگ کرنے والی لائن آف کنٹرول کے دورے کے بعد صحافیوں سے بات چیت میں کہا، ’’میرا نہیں خیال کہ جس حد تک کشمیر کے موضوع پر امریکی کانگریس میں بات چیت ہونا چاہیے اتنی بات بات چیت کبھی ہوئی ہے بلکہ امریکی انتظامیہ کے ساتھ بھی اس موضوع پر زیادہ گفتگو نہیں ہوئی۔‘‘
صومالی نژاد امریکی رکن کانگریس کا تعلق صدر جوبائیڈن کی ڈیموکریٹک جماعت سے ہے اور وہ امریکی شہریت حاصل کر کے کانگریس کا حصہ بننے والی پہلی خاتون ہیں۔
رواں ماہ الہان نے انسانی حقوق کی صورت حال پر بھارتی وزیراعظم مودی اور ان کی حکومت کو امریکی حکومت کی جانب سے تنقید کا نشانہ نہ بنانے پر بھی سوالات اٹھائے تھے۔
اسی کے کچھ روز بعد امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے کہا تھا کہ امریکہ بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافے پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ بھارت میں سوشل میڈیا پر کئی صارفین امریکی قانون ساز کی جانب سے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دورے کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
ع ت، ب ج (روئٹرز)