1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
کھیلافغانستان

پاکستان اور افغانستان کے مابین کرکٹ سیریز منعقد ہوسکے گی؟

16 اگست 2021

افغانستان میں طالبان کے قبضے کے بعد پاکستان اور افغان کرکٹ ٹیموں کے درمیان سری لنکا میں یکم ستمبر سے کھیلی جانے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز شکوک و شبہات کا شکار ہوگئی ہے۔

پاکستان بمقابلہ افغانستان کرکٹ ٹیم
تصویر: Action Images via Reuters/L. Smith

افغان طالبان کی جانب سے کابل پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ افغانستان کے کرکٹرز کہاں ہیں اور وہ باحفاظت بھی ہیں یا نہیں۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کا کوئی بھی اہلکار فی الحال اس بات کی یقین دہانی کرانے سے قاصر ہے کہ آیا پاکستان اور افغانستان  کے مابین یکم ستمبر سے شروع ہونے والی سیریز شیڈول کے مطابق شروع ہوسکے گی۔

پاک افغان کرکٹ سیریز میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد افغانستان کی کرکٹ ٹیم  کو اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی شرکت کرنی ہے۔

سن 1996 سے 2001 تک افغانستان پر حکومت کرنے والی طالبان حکومت ماضی میں منظم کھیلوں کی مخالفت کرتی رہی ہے۔

کھلاڑیوں کی ملک میں امن کی اپیل

افغانستان کے کپتان اسپنر راشد خان اور آل راؤنڈر محمد نبی اس وقت انگلینڈ میں دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ کھیل رہے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے گزشتہ روز طالبان کی فتح سے قبل ملک میں امن کی اپیل کی تھی۔ تاہم دیگر افغان کرکٹر ابھی ملک میں ہی موجود ہیں۔

دریں اثناء عالمی کرکٹ کونسل آئی سی سی کے ایک اہلکار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ افغان کھلاڑیوں کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

سری لنکا میزبانی کے لیے تیار

سری لنکن کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی ہمبنٹوٹا اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے بغیر  افغان اور پاکستانی ٹیموں کے مابین تین میچوں کی سیریز   کی میزبانی کرنے کی امید کر رہے ہیں۔ سری لنکا کرکٹ کے سیکریٹری موہن ڈی سلوا کے بقول، ''ہم میزبانی کے لیے تیار ہیں لیکن کابل کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہمیں نہیں معلوم آگے کیا ہوگا۔‘‘

راشد ارمان: پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کے لیے رول ماڈل

05:19

This browser does not support the video element.

یہ سیریز پہلے متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانی تھی، لیکن انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی وجہ سے اسے سری لنکا منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈی سلوا کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا کے ضوابط کے تحت دونوں ملکوں کی ٹیموں کو کم از کم دو ہفتے قبل یعنی آئندہ ہفتے تک سری لنکا پہنچنا ہوگا۔

دوسری جانب افغان کرکٹ بورڈ کی ویب سائٹ کے ایک بیان کے مطابق کھلاڑیوں کو سات اگست کی ملاقات کے دوران آگاہ کیا گیا تھا کہ  پاکستان کے خلاف عمدہ کارکردگی  کے نتیجے میں انہیں انعامات سے نوازا جائے گا۔

افغان کرکٹ بورڈ کی ویب سائٹ پر مورخہ نو اگست کے آخری بیان کے مطابق آسٹریلوی کھلاڑی شان ٹیٹ کو قومی ٹیم کا بالنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

ع آ / ع ح (اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں