1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان اور برطانیہ کا مقابلہ طے

افسر اعوان23 جولائی 2015

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان کرکٹ سیریز کے انعقاد کا حتمی فیصلہ ہو گیا ہے۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے تصدیق کر دی ہے کہ پاکستان کے خلاف برطانوی ٹیم اکتوبر اور نومبر میں متحدہ عرب امارات میں سیریز کھیلے گی۔

Cricket One Day International World Cup Pakistan England
تصویر: Cameron Spencer/Getty Images

برطانیہ اور پاکستان کے درمیان طے پانے والی اس سیریز میں تین ٹیسٹ، چار ون ڈے جبکہ تین انٹرنیشنل ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔ شیڈول کے مطابق ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 13 سے 17 اکتوبر تک ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹیسٹ دبئی میں 22 اکتوبر کو شروع ہو گا۔ تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لیے دونوں ٹیمیں شارجہ کے کرکٹ گراؤنڈ میں یکم سے پانچ نومبر تک ایک دوسرے کے خلاف نبرد آزما ہوں گی۔

ای سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹام ہیریسن کے مطابق، ’’ہم اس سیریز پر متفق ہونے پر مسرور ہیں۔ ہمارے یو اے ای کے گزشتہ مشترکہ دورے کے دوران پاکستان نے ٹیسٹ سیریز جیتی تھی جبکہ انگلینڈ نے ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی حاصل کی تھی۔ ہمیں توقع ہے کہ موسم خزاں میں ہونے والا دورہ بھی اسی طرح سخت مقابلے پر مبنی ہو گا۔‘‘

اس وقت سری لنکا کا دورہ کرنے والی پاکستانی ٹیم نے ٹیسٹ سیریز میں میزبان ٹیم کو دو ایک سے شکست دی تھی جس کے بعد عالمی درجہ بندی میں پاکستان تیسرے نمبر پر آ گیا ہے جبکہ کولمبو میں بدھ 22 جولائی کو کھیلے جانے والے پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں سری لنکا کو شکست دے کر پاکستان نے تین ایک سے سیریز بھی اپنے نام کر لی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کی جانب سے آج جمعرات 23 جولائی کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق، ’’سری لنکا میں کامیابیوں سے ظاہر ہے کہ پاکستانی ٹیم بہتری کی جانب گامزن ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ اس تواتر کو انگلینڈ کی ٹیم کے خلاف تینوں سیریز میں برقرار رکھے گی۔‘‘

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والی سیریز کے دوران دو ون ڈے انٹرنیشنل میچ ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ یہ میچ 11 اور 13 نومبر کو ہوں گے جبکہ بقیہ دو ون ڈے شارجہ میں 17 اور 20 نومبر کے لیے طے ہیں۔

دورے کا اختتام تین ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے ساتھ ہوگا جن میں سے دو 26 اور 27 نومبر کو دبئی میں جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی 30 نومبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں