پاکستان اور بھارت کے درمیان سیکریٹری دفاع سطح کے مذاکرات
30 مئی 2011بھارتی وزارت دفاع کے ایک اہلکار کا کہنا ہے: ’ان دو روزہ مذاکرات میں بھارت کی طرف سے قیادت سیکرٹری دفاع پردیپ کمار کریں گے۔‘
انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک نے یہ مذاکرات شروع کرنے کا فیصلہ گزشتہ برس وزیر اعظم منموہن سنگھ اور ان کے پاکستانی ہم منصب یوسف رضا گیلانی کی Thimpu میں ہونے والی ملاقات میں کیا تھا۔
ان مذاکرات کے لیے پاکستانی سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سید اطہر علی اتوار کو نئی دہلی پہنچے۔ دونوں ممالک کے درمیان مسئلہ سیاچن پر سیکریٹری دفاع سطح کے مذاکرات 1985ء میں شروع ہوئے تھے۔ اس بات چیت کا فیصلہ سابق بھارتی وزیر اعظم راجیو گاندھی اور سابق پاکستانی صدر جنرل ضیاء الحق نے کیا تھا۔
یوسف رضا گیلانی:
پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے بھارت کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے بہتر تعلقات کی امید ظاہر کی ہے۔ انہوں نے اتوار کو صحافیوں کے ایک گروپ سے ملاقات میں کہا: ’ذاتی طور پر بھارتی قیادت کے ساتھ میرے اچھے تعلقات ہیں۔ ذمہ دار قومیں بات چیت پر یقین رکھتی ہیں اور مجھے امید ہیں کہ ہم مذاکرات کے ذریعے آگے بڑھیں گے۔‘
دیگر ممالک کے خلاف دہشت گردانہ حملوں کے لیے پاکستانی سرزمین کے استعمال کے حوالے سے انہوں نے کہا: ’ہم نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ہماری سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردانہ حملے کے لیے استعمال نہ ہونے پائے۔ اس موضوع پر عسکری اور سیاسی قیادت کی رائے ایک ہے۔‘
یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا: ’میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہم کسی بھی دوسرے ملک پر دہشت گردانہ حملوں کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے ہاں چھتیس ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں اور اپنے ملک کو پرامن بنانے کے لیے میں اپنی سرزمین سے دہشت گردوں کا خاتمہ چاہتا ہوں۔‘
ممبئی حملے:
ممبئی حملوں کے الزام میں امریکہ میں مقدمے کا سامنا کرنے والے ڈیوڈ ہیڈلی نے عدالت کو بتایا ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اس (ہیڈلی) کے والد سلیم گیلانی کی تدفین میں شرکت کی تھی۔ تاہم پاکستانی وزارت عظمیٰ نے ہیڈلی کا یہ دعویٰ مسترد کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں وزارت عظمیٰ کے ایک ترجمان کا کہنا ہے: ’وزیر اعظم نے سلیم گیلانی کی تدفین میں شرکت نہیں کی۔ وہ تعزیت کے لیے دانیال گیلانی (ہیڈلی کے سوتیلے بھائی) کے گھر گئے تھے۔‘
رپورٹ: ندیم گِل/ خبر رساں ادارے
ادارت: امجد علی