1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان اور بھارت کے کرکٹ تعلقات کی بحالی کا اعلان

17 جولائی 2012

پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ میچز کا سلسلہ پانچ سال کے وقفے کے بعد بالآخر اب شروع ہونے جا رہا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستانی ٹیم کو ہوم سیریز کے لیے رواں برس دعوت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

تصویر: AP

بھارتی کرکٹ بورڈ کا یہ فیصلہ پیر کو سامنے آیا ہے، جس کے تحت پاکستانی کرکٹ ٹیم کو رواں برس دسمبر میں ایک سیریز کے لیے دعوت دی جائے گی۔

دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ کا سلسلہ 2008ء کے ممبئی حملوں کے بعد منقطع ہو گیا تھا، جن کے لیے پاکستان میں قائم شدت پسند گروہ لشکرِ طیبہ کو ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔ ممبئی میں مختلف مقامات پر ہونے والے حملوں میں 166 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان اس سے پہلے کرکٹ سیریز 2007ء میں ہوئی تھی۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق گزشتہ ہفتوں کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) کے درمیان کرکٹ پر مبنی تعلقات کی بحالی پر بات چیت ہوتی رہی ہے۔

بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شُکلا کے مطابق دسمبر کے لیے تین وَن ڈے میچز اور دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچز کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے: ’’پاکستان بورڈ نے بی سی سی آئی کے اعلیٰ اہلکاروں سے مذاکرات شروع کیے تھے۔ یہ بات چیت گزشتہ ایک برس سے جاری تھی۔ آج بی سی سی آئی کی ورکنگ کمیٹی نے پاکستانی ٹیم کو میچز کے لیے مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘

دسمبر میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچز بھارتی شہروں چنائی، کولکتہ، نئی دہلی، بنگلور اور احمد آباد میں کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی کے چیئرمین ذکا اشرفتصویر: DW

پاکستان نے اس بھارتی اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ پی سی بی کے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ کرکٹ تعلقات کی بحالی سے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات بہتر ہوں گے۔

ان کا کہنا ہے: ’’کرکٹ تعلقات کی بہتری میں مدد دیتی ہے، اس سے لوگوں کو قریب لانے میں مدد ملتی ہے۔‘‘

ذکا اشرف نے مزید کہا: ’’اگر عوام کے درمیان تعلقات اچھے ہوں گے تو ملکوں کے درمیان تعلقات بھی اچھے ہوں گے۔‘‘

اس سیریز کے لیے بھارتی حکومت کی منظوری ابھی باقی ہے، تاہم بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ منظوری محض رسمی ہے۔ بی سی سی آئی ذرائع نے مقامی میڈیا کو بتایا ہے کہ نئی دہلی حکومت اس سیریز پر اتفاق ظاہر کر چکی ہے۔

دونوں ہمسایہ ملکوں کا سامنا  2011ء کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل اور بنگلہ دیش میں حالیہ ایشیا کپ میں بھی ہوا تھا۔

ng/ah (dpa)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں