پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا: ایک روزہ میچوں کی سیریز برابر
1 ستمبر 2012ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کی ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے ٹاس میں مصباح الحق کو ہرا دیا اور پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلوی ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں 248 رنز بنا سکی۔ پاکستانی ٹیم کی جانب سے شاہد آفریدی آج اس میچ میں کمر کی تکلیف کی وجہ سے کھیل نہیں پائے۔ اسپنر سعید اجمل نے چار آسٹریلوی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹسمین مائیک ہسی نے سب سے زیادہ 61 رنز بنائے۔ پاکستانی تیز باولر جنید خان نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی ٹیم نے 249 کے ٹارگٹ کی جانب محتاط آغاز کیا۔ ناصر جمشید اور محمد حفیظ کے درمیان اوپننگ پارٹنر شپ 66 رنز کی رہی۔ حفیظ نے 23 رنز بنائے جو حالیہ میچوں میں ان کا سب سے زیادہ اسکور تھا۔ بعد میں اظہر علی اور ناصر جمشید کے درمیان دوسری وکٹ کی شاندار 101 رنز کی پارٹنز شپ قائم ہوئی۔ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے ناصر جمشید 97 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ ناصر جمشید اور اظہر علی نے آسٹریلیا کے تیز بالروں پیٹِن سن، اسٹارک اور جانسن کو پاکستانی بیٹسمینوں نے میرٹ پر کھیلا۔ اسد شفیق صرف نو رنز بنا سکے۔ کپتان مصباح الحق اور اظہر علی نے چوتھی وکٹ پر 59 رنز کی عمدہ شراکت ٹارگٹ کے حصول میں معاون ثابت ہوئی۔ اظہر نے 69 اور مصباح نے35 رنز بنائے اور دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف چوالیسویں اوور میں حاصل کیا۔ ناصر جمشید میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے۔
پاکستان اس سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ ہار گیا تھا۔ وہ میچ خلیجی ریاست شارجہ میں کھیلا گیا تھا۔ اس میچ میں پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ ناکام رہی تھی۔ تیسرا ایک روزہ میچ شارجہ میں تین ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ یہی میچ سیریز کے وِنر کا فیصلہ کرے گا۔ ایک روزہ میچوں کے بعد دو ٹی ٹوئنٹی میچ دبئی میں کھیلے جائیں گے۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا تیسرا ایک روزہ میچ انگلینڈ نے جیت لیا ہے۔ یہ میچ لندن کے میدان اوول میں کھیلا گیا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم موجودہ سیریز کے تیسرے ایک روزہ میچ میں صرف 211 رنز بنا سکی۔ پوری ٹیم سینتالیسویں اوور میں آؤٹ ہو گئی۔ گزشتہ میچ میں 150 کی شاندار اننگز کھیلنے والے ہاشم آملہ 43 رنز بنا سکے۔ جواباً انگلینڈ کی ٹیم نے مطلوبہ ٹارگٹ چھ وکٹوں پر پورا کر لیا۔ اس جیت کے بعد انگلش کرکٹ ٹیم نے ایک روزہ میچوں میں نمبر ون پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
ادھر بھارت کے دورے پر آئی ہوئی نیوزی لینڈ کی ٹیم نے دوسرے پانچ روزہ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن چھ وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنائے ہیں۔ اس میں کیویز ٹیم کے کپتان راس ٹیلر کی شاندار اور جارحانہ سینچری شامل ہے۔ ٹیلر نے 127 گیندوں کو کھیلتے ہوئے 113 رنز بنائے۔ اس ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ بھارت نے اننگز کی سبقت سے جیت لیا تھا۔ اسپن باولر پرگیان اوجھا نے چار وکٹیں حاصل کی ہیں۔ یہ میچ بنگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔
(ah/at(AFP