پاکستان: جمہوری حکومت کے خلاف نئی احتجاجی لہر
7 اگست 2016اس حوالے سے ایک جانب تو آج پاکستان تحریک انصاف نے پانامہ لیکس کے حوالے سے تحریک احتساب کے نام سے احتجاجی مہم شروع کر دی ہے تو دوسری طرف پاکستان عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاون میں 14 افراد کی ہلاکت کے خلاف تحریک قصاص کا آغازکر دیا ہے۔ تحریک احتساب کے تحت اتوار کے روز پشاور سے اسلام آباد تک ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اس ریلی کی قیادت کر رہے ہیں۔ اس ریلی میں صوبے کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے پی ٹی آئی کے کارکن بڑی تعداد میں شریک ہیں۔ پشاور سے اٹک تک ریلی کے راستے (جی ٹی روڈ) کو احتجاجی بینروں اور پی ٹی آئی کے پرچموں سے سجایا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے خیر آباد میں ایک بڑا جلسہ کرنے کی اطلاعات بھی ہیں۔
ریلی کے آغاز پر تقریر کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کے ادارے کرپشن کی وجہ سے تباہ ہو رہے ہیں، نواز شریف اپنے آپ کو قانون سے بالا تر سمجھتے ہیں۔نیب نواز شریف اور اسحق ڈار کو بچا رہا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا نیب صرف پٹواریوں کو پکڑنے کے لیئے ہے۔ انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ،’’پاکستانیو ، میں آپ کی جنگ لڑ رہا ہوں ، آپ کا پیسہ لوٹ کر باہر لے جایا گیا ہے، آپ کو اپنے قومی وسائل کو بچانے کے لیئے اس جدوجہد میں شریک ہونا ہوگا۔‘‘ عمران خان نے مزیدکہا کہ موجودہ احتجاج تو محض ایک ٹریلر ہے اصل میچ تو ابھی شروع ہونے والا ہے۔
اٰدھرگذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے لاہور کراچی، اسلام آباد، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور احتجاجی دھرنے دیے گئے۔ اس سلسلے میں سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ لاہور کے مال روڈ پر ہوا۔ اس احتجاجی دھرنے میں پاکستان عوامی تحریک کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ق)، پاکستان تحریک انصاف، پاکستان پیپلز پارٹی، مجلس وحدت المسلمین اور سنی اتحاد کونسل کے کارکنوں نے بھی شرکت کی۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر االقادری نے لاہور ہی کے علاقے مال روڈ پر عوامی تحریک کے زیر اہتمام منعقدہ قصاص مارچ اور دھرنے سے ماڈل ٹاون سے کیے جانے والے اپنے ٹیلی فونک خطاب میں کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے خون کا قصاص لینے اور پانامہ لیکس کے کرپٹ کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی تحریک کا با ضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ،"اب آل شریف کے اقتدار کا خاتمہ ہو گا اور شریف خاندان کو اب بھارت کے سوا کوئی پناہ نہیں دے گا۔‘‘
تحریک قصاص مارچ کا آغاز جی پی او چوک سے ہوا جو مسجد شہداء سے ہوتا ہوا چیئرنگ کراس پر اختتام پذیر ہوا جہاں پر عوامی تحریک کے کارکنان نے متحدہ اپوزیشن کے ہمراہ دھرنا دیا ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو فیصلہ کرنا ہو گا انہیں ریاست پاکستان چاہیے یا سلطنت شریفیہ۔ ان کے مطابق پاکستان کی بیوروکریسی کی نج کاری ہو چکی ،نیب ،ایف بی آر،پولیس اور دیگر ادارے آل شریف کی ذاتی ملکیت اور جاگیر بن چکے ،انہوں نے کہاکہ میں دکھی دل سے کہہ رہا ہوں اس نظام میں آئین و قانون کا چیک اینڈ بیلنس ختم ہو گیا،انصاف نام کی کوئی چیز نہیں بچی ۔حکمران کاروبار کیلئے اقتدار میں ہیں ۔ نہ یہ ملک کے وفادار ہیں اور نہ انہیں ملکی سلامتی سے کوئی غرض ہے ۔ڈاکٹر قادری کا یہ بھی کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا قصاص صرف عوامی تحریک کا مطالبہ نہیں ہے ،اب اس مطالبے میں تمام اپوزیشن جماعتیں اور عوامی حلقے بھی شامل ہو چکے ہیں۔
ادھر اسلام آباد میں تحریک قصاص کے شرکا نے آب پارہ چوک پر دھرنا دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ 14 اگست کے بعد ملک کی تمام اپوزیشن پارٹیاں اس حکمت عملی کے خلاف متحد نظر آئیں گی۔ گوجرانوالہ میں ماڈل ٹاون سے ریلی نکالی گئی اور سیالکوٹی دروازے پر دھرنا دیا گیا جس سے شہر کی ٹریفک کافی دیر جام رہی۔ فیصل آباد میں عوامی تحریک کے کارکنوں نے ریلوے اسٹیشن سے گھنٹہ گھر چوک تک احتجاجی مارچ کیا جبکہ کراچی میں احتجاجی کارکن نمائش چورنگی سے تبت سنٹر اور ایم اے جناح روڈ تک گئے۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ تحریک قصاص کے پہلے مرحلے میں پاکستان عوامی تحریک متحدہ اپوزیشن کے ساتھ ملکر سولہ، بیس اور ستائیس اگست کو ملک کے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کرنے جا رہی ہے، اس مرحلے کے اختتام پر 30 اگست کو اسلام آباد میں ایک بڑے احتجاجی مظاہرے کی کال دی گئی ہے۔
دوسری طرف مسلم لیگ نون نے بھی حزب اختلاف کے احتجاج سے نمٹنے کے لیئے حکمت عملی ترتیب دے لی ہے۔ مسلم لیگ نون کی طرف سے نواز شریف کی حمایت میں نواز شریف زندہ باد ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، ہفتے کے روز ملتان میں نکالی گئی ایک ایسی ہی ریلی میں عمران خان اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے پتلے بھی نذر آتش کیئے گئے۔ اتوار کے روز پشاورشہر میں پاکستان مسلم لیگ نون کی طرف سے بھی حکومت کی حمایت میں ایک بڑے جلسے کا اہتمام کیا گیا۔
ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے سینیئر تجزیہ کار سجاد میر نے بتایا کہ یہ ماننا بڑا مشکل ہے کہ طاہرالقادری یہ احتجاجی مہم اپنی مرضی سے یا نیک مقاصد کے تحت چلا رہے ہیں، دوسری طرف ان کے بقول عمران خان کے بارے میں بھی یہ تاثر ماجود ہے کہ ان کی احتجاجی تحریک کے پیچھے نادیدہ نہیں بلکہ دیدہ ہاتھ موجود ہیں، ان کے بعض اپنے بیانات (جیسے ایمپائر کی انگلی کے کھڑے ہو جانے کی بات) بھی صورت حال کو مشکوک بنا دیتے ہیں۔
سجاد میر کے بقول اپوزیشن کی تقریر نواز حکومت کی ساکھ کو بری طرح متاثر کر رہی ہے، اس کا فائدہ اپوزیشن کو اگلے انتخابات میں ہو سکتا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ پانامہ لیکس کے معاملے پر حکومت بیک فٹ پر آ گئی ہے، لیکن اس کے باوجود احتجاجی تحریک کے نتیجے میں اس حکومت کے خاتمے کا فی الحال کوئی امکان نہیں ہے۔
ڈی ڈبلیو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختون خواہ کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شوکت یوسف زئی نے اس تاثر کی تردید کی کہ پاکستان تحریک انصاف کی احتجاجی تحریک کے پیچھے اسٹیبلشمنٹ یا کسی اور طاقتور حلقے کا ہاتھ ہے۔ " ہمارے پیچھے صرف اللہ کی مدد اور عوام کا ساتھ ہے، اور کرپٹ حکومت کے خلاف جدوجہد کرنا ہمارا جمہوری حق ہے اور ہم اپنی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچا کر رہیں گے۔‘‘