1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
ماحولپاکستان

پاکستان، جنگلات میں آگ سے غذائی عدم تحفظ کے خدشات

15 جون 2022

بلوچستان میں سینکٹروں خاندان جن کا گزر بسر چلغوزے کی فروخت پر تھا، اب بے روزگار ہو چکے ہیں۔صوبائی حکام کے مطابق خیبر پختونخواہ میں متعدد مقامات پر لوگوں نے حکومت سے معاوضہ حاصل کرنے کے لیے جان بوجھ کر آگ لگائی

Feuer in Region Belutschistan in Pakistan
تصویر: Ghani Kaker/DW

پاکستان کے جنگلات میں  لگنے والی حالیہ آگ نے جہاں ہزاروں ہیکٹر پر محیط جنگلات کو تباہ کر دیا ہے وہیں سینکڑوں ایسے خاندان بھی غذائی عدم تحفظ کا شکار ہو گئے ہیں جن کی گزر بسر چلغوزےکی فروخت پر ہوا کرتی تھی۔

قدرتی ماحول کے تحفظ کی بین الاقوامی تنظیم (آئی یو سی این) کے مطابق صرف ایک جنگل میں لگنے والی آگ نے پندرہ سو ہیکٹر سے زائد زمین پر کھڑے چیڑ کے آٹھ لاکھ چالیس ہزار درختوں کو بھسم کر دیا۔ اس آگ پر ایران کے آگ بجھانے والے طیارے کی مدد سے قابو پالیا گیا تھا۔

آئی یو سی این کے عاصم جمال نے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا، '' پندرہ سو سے زائد گھرانے، جن کا مکمل انحصار چلغوزے کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم پر تھا، اب غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ ان افراد کو اب غذائی امداد اور کسی دوسرے ذرائع آمدن کے لیے حکومتی مدد چاہیے۔‘‘

تصویر: Ghani Kaker/DW

اس کے علاوہ  حالیہ ہفتوں میں صوبہ خیبر پختونخواہ میں 200 سو سے زائد مقامات پر بھڑک اٹھنے والی آگ نے چودہ ہزار ایکٹر پر مشتمل جنگلات اور چراہ گاہوں کو تباہ کر دیا ہے۔ صوبائی محکمہ جنگلی حیات کے ترجمان حبیب الرحمٰن کے مطابق '' 210 میں سے کم از کم 55  مقامات پر آگ مقامی لوگوں نے جان بوجھ کر ان افواہوں کے بعد لگائی تھی کہ حکومت جلنے والے ہر درخت کی تلافی کرے گی۔‘‘

انہوں نے کہا کہ دو درجن سے زائد افراد کو جنگلات میں آگ لگانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پاکستان میں گزشتہ ماہ یکے بعد دیگرے گرمی کی شدید لہریں آنا شروع ہوئی تھیں اور اس دوران دن کو درجہ حرارت معمول سے چھ سے نو ڈگری زائد ریکارڈ کیا گیا تھا۔ صوبہ سندھ میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ گرمی کی لہر سے جنگلات میں بھڑکنے والی آگ کے نتیجے میں بچوں اور آگ بجھانے والے عملے کے ایک اہلکار سمیت 10 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

 پاکستان میں جنگلات کا رقبہ مجموعی رقبے کا صرف 5.2 فیصد ہے، یہ دنیا کی کم ترین شرحوں میں سے ایک ہے۔ پاکستان  دنیا میں کاربن کے ایک فیصد سے بھی کم اخراج کا ذمہ دار ہے، لیکن سب سے زیادہ آب و ہوا کے خطرے سے دوچار  10 ممالک میں سے ایک ہے۔

پاکستان کو موسمیاتی تباہی سے بچانے کے لیے کوشاں پروفیسر

04:59

This browser does not support the video element.

ش ر⁄ع ت (ڈی پی اے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں