پاکستان: دو فرانسیسی مبینہ عسکریت پسند حکومتی تحویل میں
15 اپریل 2011جمعرات کے روز پاکستان کے سیکیورٹی اہلکاروں نے تصدیق کی ہے کہ دو فرانسیسی شہریوں شرف دین اور ذوہیب افضل کو دو ماہ قبل پاکستان کے مرکزی شہر لاہور سے القاعدہ سے تعلق رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ یہ دونوں افراد حکومتی تحویل میں ہیں۔
حکومتی ہلکاروں کا کہنا ہے: ’یہ افراد وزیرستان جا کر عسکری تربیت حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور ان کے پاکستانی طالبان کے ساتھ روابط تھے‘۔
سکیورٹی افسران نے بتایا کہ گرفتار شدہ فرانسیسی شہریوں کو دو ماہ قبل لاہور کے بین الاقوامی ہوائی اڈّے سے گرفتار کیا گیا تھا اور دورانِ تفتیش انہوں نے یہ انکشافات کیے۔
اکتوبر دو ہزار دس میں شمالی وزیرستان میں جرمنی سے تعلق رکھنے والے آٹھ عسکریت پسندوں کے ایک امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہونے کی خبروں کے بعد مغربی ممالک میں یہ تشویش بڑھ گئی ہے کہ ان کے شہری پاکستان جا کر دہشت گردی کی تربیت حاصل کرتے ہیں اور اس کے بعد مغربی ممالک میں حملوں کی منصوبہ بندی کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ میں گیارہ ستمبر کے دہشت گردانہ حملوں کے پیشِ نظر افغانستان پر طالبان اور القاعدہ کے خلاف امریکی حملوں کے بعد طالبان اور القاعدہ کے عسکریت پسندوں میں سے بیشتر نے پاکستان کے شمال مغربی قبائلی علاقوں میں پناہ لے لی تھی۔ پاکستانی افواج اور سیکیورٹی ایجنسیاں دہشت گردی کے خلای بین الاقوامی جنگ میں شریک ہیں اور شمالی علاقوں میں عسکری کارروائیاں کر رہی ہیں۔
رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: افسر اعوان