1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: دو مسیحی شہریوں پر توہین مذہب کا الزام، تفتیش جاری

17 فروری 2021

پاکستانی پولیس کا کہنا ہے وہ صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے ایسے دو مسیحی شہریوں کے خلاف اپنی تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے، جن پر قرآن اور پیغمبر اسلام کی توہین کا الزام ہے۔

فائل فوٹوتصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Sajjad

نیوز ایجنسی اے پی کو اس کیس کی تفتیش کے ذمہ دار پولیس افسر مراتب علی نے بتایا کہ ان دونوں مسیحی باشندوں کے خلاف پولیس کو شکایت گزشتہ ہفتے ایک مقامی شخص ہارون احمد نے کی تھی۔ مراتب علی کے مطابق دونوں مبینہ ملزمان کو ابھی تک حراست میں نہیں لیا گیا۔ اس پولیس اہلکار نے اس کیس کی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے بس یہی کہا کہ تاحال اس امر کی چھان بین جاری ہے کہ آیا ان دونوں اقلیتی شہریوں نے مذہب کے موضوع پر ایک بحث کے دوران قرآن اور پیغمبر اسلام کی کوئی بےحرمتی کی تھی۔

پاکستانی قانون کے مطابق اگر کوئی شخص توہین مذہب یا پیغمبر اسلام اور دیگر مذہبی شخصیات کی بےحرمتی میں ملوث پایا جائے، تو اسے سزائے موت سنائی جا سکتی ہے۔ اس حساس معاملے میں پاکستان میں کئی اشتعال انگیز واقعات بھی پیش آ چکے ہیں اور متعدد افراد جیلوں میں سزائیں بھی کاٹ رہے ہیں۔

پاکستانی سماجی کارکن جبران ناصر نے اس قانون سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ اصل مسئلہ جھوٹے الزامات لگا کر مقدمات درج کرانے کا ہے اور توہین مذہب کے الزام کے بعد جیل جانے والے افراد میں سے رہائی زیادہ تر انہیں ملی ہے جن کے خلاف ثبوت ناکافی تھے۔ انہوں نے کہا، ''پاکستان میں توہین مذہب کے قانون کی سب سے پریشان کن شق 295 سی ہے کیونکہ اس شق کے تحت کوئی بھی پاکستانی کسی کے بھی خلاف پیغمبر اسلام کی توہین کا الزام لگا کر مقدمہ درج کرا سکتا ہے۔‘‘ جبران ناصر نے کہا کہ یہ بھی ایک اہم وجہ ہے کہ اس قانون اور خاص کر اس کی شق 295 سی میں اصلاحات لائی جانا چاہییں۔

پاکستانی تجزیہ کار رابعہ محمود نے اس کیس سے متعلق اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ انہیں حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق یہ دو مسیحی شہری لاہور کے ایک پارک میں بائبل کا مطالعہ کر رہے تھے اور ان پر عمومی بات چیت کے دوران ہی توہین مذہب کا الزام عائد کر دیا گیا۔

انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کا کہنا ہے کہ پاکستان میں توہین مذہب کے قانون کا غلط استعمال کرتے ہوئے اقلیتوں کو ڈرایا دھمکایا بھی جاتا ہے یا پھر ایسے الزامات لگا کر ذاتی دشمنیوں کے بدلے لیے جاتے ہیں۔

ب ج، م م (اے پی)

توہین رسالت میں تین ملزمان کو سزائے موت

جماعت احمدیہ اپنی ویب سائٹ بند کرے، پاکستان

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں