1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: خواجہ محمد آصف بدعنوانی کیس میں گرفتار

30 دسمبر 2020

پاکستان کے قومی احتساب بیورو (نیب) نے ملک کے سابق وزیر خارجہ اور حزب اختلاف کے اہم رہنما خواجہ آصف کو آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق ایک کیس میں گرفتار کر لیا ہے۔ اپوزیشن نے اس پر حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔

Pakistan Prozess gegen Nawaz Sharif Verteidigungsminster Khawaja Muhammad Asif
تصویر: picturealliance/AP Photo/A. Naveed

پاکستان میں قومی احتساب بیورو نے حزب اختلاف کے اہم رہنما اور سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کوگرفتار کر لیا ہے۔ ان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کے ایک کیس کے سلسلے میں پہلے سے ہی تفتیش جاری تھی۔

خواجہ محمد آصف کا شمار مسلم لیگ ن کے اہم رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ منگل 29 دسمبر کو اسلام آباد میں پارٹی کے دفتر میں ایک میٹنگ کرنے کے بعد باہر نکلتے ہی قومی احتساب بیورو (نیب) کے حکام نے انہیں گرفتار کرلیا۔ نیب نے اس گرفتاری کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا، ''خواجہ آصف نے مبینہ طور پر اثاثوں کی نوعیت، ذرائع اور ان کے تبادلے کو مخفی رکھتے ہوئے اپنی آمدن سے زیادہ اثاثے بنائے۔''

پاکستان کے موقر اخبار دی ڈان نے نیب کے ایک ترجمان کے حوالے سے لکھا ہے کہ اس سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے خواجہ آصف کو پہلے بھی طلب کیا گیا تھا تاہم وہ اپنے اثاثوں سے متعلق ثبوت جمع کرانے میں ناکام رہے تھے۔ اطلاعات کے مطابق بدھ 30 دسمبر کی صبح خواجہ آصف کو نیب کی عدالت میں پیش کرکے انہیں ریمانڈ پر لینے کی کوشش کی جائے گی اور پھر انھیں لاہور منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔

مقامی میڈیا کی خبروں کے مطابق سن 1991 میں سیاست میں آنے سے پہلے ان کے کل اثاثوں کی مالیت تقریباً 51 لاکھ پاکستانی روپے تھی لیکن سن 2018 میں ان کے اثاثوں کی مالیت تقریباً 22 کروڑ روپے ہوگئی۔ مقامی میڈیا میں اس حوالے سے آنے والے بیانات میں کہا گیا ہے کہ ان کے، ''معلوم ذرائع آمدن سے اس کا کوئی جواز نہیں بنتا ہے۔''

نیب نے مریم نواز کو گرفتار کر لیا

01:20

This browser does not support the video element.

نیب کا یہ بھی کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے اتنی بڑی رقم متحدہ عرب امارات میں ایک کمپنی میں کام کرکے کمانے کا دعوی کیا تھا تاہم تفتیش سے، ''معلوم ہوا ہے کہ ملزم خواجہ آصف نے جس دور میں بیرونی ملک میں ملازمت کی بات کہی ہے اس وقت وہ پاکستان میں تھے اور اس سلسلے میں انہوں نے بیرون ملک ملازمت کے سلسلے میں جو دستاویزات فراہم کی ہیں اس سے آمدن کے جعلی ذرائع کا ہی ثبوت ملتا ہے۔''

اپوزیشن کی سخت تنقید

مسلم لیگ نون کے رہنما نواز شریف نے خواجہ آصف کی گرفتاری پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر لکھا، ''سلیکٹرز اور سلیکٹیڈ گٹھ جوڑ کے مابین خواجہ آصف کی گرفتاری کا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ اس طرح کی گھناؤنی حرکتوں سے حکومت کی پریشانیوں کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے، لیکن وہ اپنے انجام کے قریب پہنچ رہے ہیں۔ اندھا دھند سیاسی انتقام کے دن اب بہت کم بچے ہیں۔''

نواز شریف کے خلاف بھی بدعنوانی کے تعلق سے ملک میں کئی مقدمات درج ہیں جنہیں حال ہی میں مفرور ملزم قرار دے دیا گیا تھا۔ خواجہ آصف بھی مسلم لیگ ن کے ان رہنماؤں میں سے ہیں جنہیں وزیر اعظم عمران خان پر سخت نکتہ چینی کے لیے جانا جاتا ہے اور نواز شریف کی طرح انہیں بھی بد عنوانی جیسے کئی الزامات کا سامنا ہے۔

خواجہ آصف کی گرفتاری ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب حزب اختلاف انتخابات میں دھاندلی اور سیاسی معاملات میں فوجی مداخلت جیسے الزامات کے تحت عمران خان سے استعفے کا مطالبہ کر رہا ہے۔ اپوزیشن کا یہ بھی الزام ہے کہ وزیر اعظم ملک کی معاشی صورت حال بہتر کرنے میں پوری طرح سے ناکام رہے ہیں۔

ص ز/ ج ا   

جوتے پالش نہ کرنے کی سزا مل رہی ہے، مریم نواز

04:12

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں