پاکستان اور بنگلہ دیش کے ہمراہ بھارت و سری لنکا میں مقیم مسلمان آج 22 اگست بروز بدھ عیدالاضحیٰ مذہبی جوش کے ساتھ منا رہے ہیں۔ مشرقِ وسطیٰ اور جرمنی سمیت دیگر یورپی ملکوں کے مسلمانوں نے گزشتہ روز بکر عید منائی تھی۔
اشتہار
پاکستان بھر کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروں کی جامع مساجد میں عیدالضحیٰ کی نماز سے اس تہوار کا آغاز ہوا۔ عیدالضحیٰ کو مسلم دنیا میں دوسرا بڑا مذہبی تہوار تصور کیا جاتا ہے۔
قربانی کی عید کے موقع پر پاکستان میں ذبح کیے جانے والے جانوروں کا کاروبار اپنے زوروں پر ہے۔ ابھی بھی قربانی کے لیے جانوروں کی خریدو فرخت جاری ہے۔ عید سے قبل ذبح کرنے والے جانوروں کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی تھیں، لیکن گزشتہ شب سے ان کی قیمتوں میں قدرے کمی محسوس کی گئی ہے۔ ایسے جانور بیچنے والے آڑھتیوں کی اب کوشش ہے کہ جو جانور وہ منڈیوں میں لائے ہوئے ہیں، اُن کو فروخت کر دیا جائے۔
پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے مطابق صرف پاکستان میں دس ملین یا ایک کروڑ کے لگ بھگ جانور عیدالضحیٰ پر ذبح کیے جائیں گے۔ ان کی مالیت تین بلین ڈالر کے مساوی خیال کی گئی ہے۔ اس تناظر میں یہ عید ایک بہت بڑے کاروبار کا ذریعہ بھی بنتی ہے۔ ذبح کیے جانے والے جانوروں میں بھیڑ، بکرے، گائے، بیل اور اونٹ شامل ہیں۔ بھارت میں گائے کاٹنے پر پابندی ہے، اس لیے وہاں صاحب توفیق مسلمانوں نے بکرے اور بھیڑ خریدی ہیں۔
عیدالضحیٰ مناسک حج کی ادائیگی کے بعد منائی جاتی ہے۔ حج کی ادائیگی کے لیے مکہ جانا لازمی ہوتا ہے اور قربانی کسی بھی ملک میں حج کے موقع پر دینا احسن خیال کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں بھی قربانی کرنے والوں کا خیال ہے کہ وہ پیغمبر ابراہیم کے راستے کو اپناتے ہوئے یہ کام کرتے ہیں۔ اس موقع پر مختلف مذہبی اور خیراتی اداروں کو ذبح کیے گئے جانوروں کی کھالیں عطیے کے طور پر بھی دی جاتی ہیں۔
ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی
مسلمانوں کے مذہبی تہوار عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت کے لیے کراچی کے قریب عارضی طور پر ایک مویشی منڈی قائم کی گئی ہے۔ اس منڈی کو ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی قرار دیا جاتا ہے۔
تصویر: DW/R. Saeed
پستہ قد گائیں
کراچی کی مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی کیٹ واک کے دوران بہالپور سے لائی گئی پست قد گائے کی جوڑی حاضرین کی توجہ کا مرکز رہی۔
تصویر: DW/R. Saeed
ساہیوال کی گائے
کیٹ واکے کے دوران پیش کی گئی ساہیوال کی تندوست و توانا گائے کو حاضرین نے بہت پسند کیا۔
تصویر: DW/R. Saeed
بہاولپور کے بیلوں کی جوڑی
کراچی کی مویشی منڈی میں فروخت کے لیے بہاولپور سے لائے گئے بیلوں کی کی جوڑی جس کی قیمت 10 لاکھ روپے ہے۔
تصویر: DW/R. Saeed
بلوچستان کے اونٹ خریدار کے منتظر
بلوچستان سے کراچی لائے گئے اونٹ کراچی کی مویشی مندی میں خریدرا کے منتظر ہیں۔
تصویر: DW/R. Saeed
مکھن اور خشک میوے کھانے والا بیل
کراچی کی مویشی منڈی میں سبی سے لایا گیا بیل ’راجو‘۔ مکھن اور خشک میوے کھانے والے راجو کی قیمت اس کے مالک نے 20 لاکھ روپے مقرر کی ہے۔
تصویر: DW/R. Saeed
20 من وزنی آسٹریلیئن نسل کا بیل
کراچی کی مویشی منڈی میں موجود آسٹریلین نسل 20 من وزنی بیل سلطان۔
تصویر: DW/R. Saeed
جانوروں کو سجانے سنوارنے کا سامان بھی دستیاب
مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کو سجانے سنوارنے کا سامان فروخت کی دکانیں بھی لگائی گئی ہیں۔
تصویر: DW/R. Saeed
گائے کے دانتوں کی جانچ
ایک خریدار سودا طے ہونے سے قبل گائے کے دانتوں کو جانچ رہا ہے۔ مویشی منڈی میں کئی نوسرباز نقلی دانت لگاکر جانور فروخت کرتے ہوئے پکڑے بھی گئے ہیں۔
تصویر: DW/R. Saeed
اوسط درجے کے مویشیوں کی تعداد سب سے زیادہ
مویشی منڈی میں موجود اوسط درجے کے جانوروں کی تعداد سب سے زیادہ ہے کیونکہ شہریوں کی اکثریت اسی طرح کے جانوروں کی خریداری کرتی ہے۔