پاکستان سُپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہوگا
27 فروری 2017پاکستانہ صوبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی طرف سے پاکستان سُپر لیگ ( پی ایس ایل) کے فائنل کا انعقاد لاہور میں کروانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس فیصلے کا اعلان وزیر اعلیٰ پنجاب کے فیس بُک اکاؤنٹ پر بھی کیا گیا، جہاں کرکٹ کے ہزاروں مداحوں نے اس حکومتی فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے ملک کے تمام صوبائی اور وفاقی سکیورٹی اداروں سے مشاورت کی گئی اور پھر یہ فیصلہ کیا گیا۔ اس فیصلے کے بعد پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس موقع پر مجموعی طور پر آٹھ سکیورٹی ماہرین کو بلایا جائے گا، جن میں سے دو کا تعلق آئی سی سی سے ہوگا۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے (عسکریت پسندوں کے ہاتھوں) مزید بلیک میل ہونے کی گنجائش نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سے منگل کے روز سے ٹکٹوں کی فروخت شروع کر دی جائے گی۔
اس فیصلے کے فوری بعد تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اس فیصلے کو ’پاگل پن‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بند سڑکوں اور ہر جگہ پر سکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی سے پاکستان میں امن کے حوالے سے دنیا میں کیا پیغام جائے گا؟
تحریک انصاف کے سربراہ کے اس بیان کے حوالے سے صوبہ پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ عوام کی امنگوں کی ترجمانی ہے اور عمران خان کی تنقید ’بے جا‘ ہے۔
قبل ازیں پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لیے کام کرنے والی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کی ٹیم کے سربراہ جائلز کلارک نے بھی کہا تھا کہ پاکستان سُپر لیگ ( پی ایس ایل) کا فائنل پانچ مارچ کو لاہور میں ہونا چاہیے اور یہ عمل پاکستان میں کرکٹ کو بحال کرنے کی کوششوں کا ایک اہم حصہ ہے۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی فائنل کا انعقاد لاہور میں کروانے کے عزم کا اظہار کیا تھا اور یہ یقین دہانی کروائی تھی کہ جو غیرملکی کھلاڑی ملک میں آنا چاہتے ہیں ان کے لیے سکیورٹی کے وی آئی پی انتظامات کیے جائیں گے۔ عمومی طور پر یہ انتظامات صرف بیرونی ممالک کے سربراہان کے لیے کیے جاتے ہیں۔