1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: سیلاب سے 178 افراد ہلاک، پندرہ لاکھ متاثر

امتیاز احمد26 اگست 2013

جنوبی ایشائی ملک پاکستان میں سیلاب اور مون سون بارشوں کی صورتحال بتدریج شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ بارشوں اور سیلاب سے 1.5 ملین پاکستانی متاثر ہوئے ہیں۔

تصویر: UN Photo/Evan Schneider

اتوار کے روز ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کا تازہ اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث کم از کم 178 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے حکام کا کہنا تھا کہ رواں مون سون سیزان کے دوران پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال اور بارشوں کی وجہ سے 855 افراد زخمی بھی ہوئے۔ حکام کے مطابق پاکستان بھر کے 5 ہزار 615 دیہات متاثر ہوئے ہیں جبکہ 20 ہزار سے زائد گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔

تصویر: Reuters

چار روز پہلے پیش کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق تقریباﹰ دس لاکھ افراد متاثر ہوئے تھے اور ہلاکتوں کی تعداد ایک سو چالیس کے قریب بتائی گئی تھی۔ تازہ اعداد و شمار واضح کرتے ہیں کہ صورتحال تیزی کے ساتھ شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مدد کے لیے 350 امدادی کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر وسطی پنجاب، جنوبی سندھ اور جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں قائم کیے گئے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ ماہ بھی شدید بارشوں کی توقع کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں ان کی تیاریاں مکمل ہیں۔ اتوار کے روز نومنتخب وزیراعظم نواز شریف نے بھی چاروں صوبوں کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ممکنہ سیلاب کے خطرات سے نمٹنے کے لیے اپنی انتظامات مکمل رکھیں۔

اگر آئندہ ماہ کے دوران شدید بارشیں ہوتی ہیں تو پاکستان کا وسیع رقبہ زیر آب آنے کا خدشہ ہے اور اس سے نمٹنا نومنتخب حکومت کے لیے آسان نہیں ہوگا۔ پاکستان کو اس وقت سنگین مالی بحران کا بھی سامنا ہے اور اس سے نکلنے کے لیے حال ہی میں بین الاقوامی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے قرض لیا گیا تھا۔ سیلاب کی صورتحال سنگین تر ہونے سے نہ صرف مہنگائی میں اضافہ ہوجائے گا بلکہ وسیع پیمانے پر کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچے گا۔

پاکستان گزشتہ تین برسوں سے سیلابوں اور مون سون کی شدید بارشوں کا سامنا کرتا چلا آ رہا ہے اور مقامی میڈیا کی طرف سے حکومتی اداروں کو موسمی خطرات سے مناسب طور پر نہ نمٹنے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سن 2010 میں پاکستان کی تاریخ کا بدترین سیلاب آیا تھا، جس کے نتیجے میں کم از کم 1800 افراد ہلاک اور 21 ملین افراد متاثر ہوئے تھے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں