1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویراٹ کوہلی کی نو ماہ کی بچی کو ریپ کی دھمکی

جاوید اختر، نئی دہلی
2 نومبر 2021

ٹی۔20 کرکٹ میں پاکستان سے شکست اور بھارتی گیند باز محمد شامی کی حمایت کرنے پر بھارتی کرکٹ کپتان ویراٹ کوہلی اور ان کی اہلیہ اداکارہ انوشکا شرما کو ان کی نو ماہ کی بیٹی کو ریپ کرنے کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔

Indien Virat Kohli und Anushka Sharma
تصویر: STR/AFP/Getty Images

بھارتی کرکٹ کپتان ویراٹ کوہلی اور ان کی اہلیہ بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما کو ان کی نو ماہ کی بچی کو ریپ کی دھمکی کی مختلف حلقوں سے شدید مذمت کی جاری ہے۔

دہلی خواتین کمیشن نے ویراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کے خلاف سوشل میڈیا پر نازیبا تبصروں کے حوالے سے دہلی پولیس کو ایک سخت خط لکھ کر دریافت کیا ہے کہ پولیس نے اس پر اب تک کیا کارروائی کی ہے اور کیا اب تک کتنے لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

دہلی خواتین کمیشن کی چیئرپرسن سواتی مالیوال نے دہلی پولیس سے اس سلسلے میں 8 نومبر تک ایف آئی آر کی نقل، ملزمان کی گرفتاریوں کی تفصیلات وغیرہ فراہم کرنے کی ہدایت دی ہیں۔ خیال رہے کہ دہلی پولیس براہ راست وفاقی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ماتحت ہے۔

سواتی مالیوال نے ایک ویڈیو بھی جاری کیا ہے جس میں کہا،”مجھے پتہ چلا ہے کہ ویراٹ کوہلی کی نو ماہ کی بچی کو کچھ لوگ ریپ کی دھمکی دے رہے ہیں کیونکہ انڈین کرکٹ ٹیم پاکستان سے ہار گئی اور کوہلی محمد شامی کی حمایت میں اترے جب شامی کو ان کی مذہب کی بنیاد پر ٹارگیٹ کیا گیا... اس سے زیادہ شرم کی بات کیا ہوسکتی ہے۔" سواتی مالیوال نے کہا کہ شرپسندوں کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ضرورت ہے۔

کیا ہے معاملہ؟

ٹی 20 کے پہلے میچ میں دیرینہ حریف پاکستان سے بری طرح شکست کے بعد تیز گیندباز محمد شامی کو مذہب کی بنیاد پر زبردست نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ حتی کہ انہیں غدار بھی کہا گیا۔

 ایسے میں بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی نے ٹرولرز کو کھری کھری سنائیں اور کہا کہ جو لوگ ایسا کر رہے ہیں وہ بغیر ریڑھ کی ہڈی کے انسان ہیں۔ ٹرولرز کو ویراٹ کی یہ بات ایک آنکھ نہیں بھائی۔

 اس دوران بھارت دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ سے ہار گیا، جس کے بعد کچھ لوگوں نے نہ صرف ان کے خلاف بلکہ ان کے خاندان کے خلاف بھی انتہائی نازیبا تبصرے شروع کردیے۔

 حتی کہ ان کی نو ماہ کی بچی کو ریپ کی دھمکی دے ڈالی۔ دھمکی دینے والے نے ویراٹ کی بیٹی وامیکا کی تصویر بھی شیئر کردی۔ حالانکہ اس اکاونٹ کو فی الحال ڈیلیٹ کردیا گیا ہے لیکن ابھی یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ کس نے یہ ٹوئٹ کیا تھا۔

دھمکی کی نکتہ چینی

اس دھمکی کے بعد مختلف حلقوں نے دھمکی کی نہ صرف سخت مذمت کی۔ ایک یوزر نے لکھا”ریپ۔ مجھے اسکرین پر یہ لفظ پڑھ کربے چینی ہوتی ہے۔ اس سے پریشانی ہوتی ہے کہ ایسے لوگ حقیقتاً موجود ہیں اور ہمارے آس پاس موجود ہیں۔"

ایک دوسرے یوزر نے لکھا”وہ نو ماہ کی بچی کو دھمکی دے رہے ہیں کیونکہ اس کے والد نے اپنے مسلمان ساتھی شامی کی حمایت کی۔ آپ اس سماج کو سڑا ہوا نہیں تو اور کیا کہیں گے؟"

صحافی سواتی چترویدی نے لکھا، ”اس سے مجھے غصہ آتا ہے۔ ایک معصوم بچی کو دھمکی، کیونکہ وراٹ نے شدت پسندی کی مخالفت کرکے اچھا کام کیا اور اپنی ٹیم کے ساتھی کی حمایت کی۔ دھمکی دینے والے کو جیل بھیجا جانا چاہیے۔"

انضمام الحق اور محمد عامر کا اظہار یکجہتی

دریں اثنا ملک اور بیرون ملک میں ویراٹ کوہلی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا جارہا ہے۔

پاکستان کے سابق کرکٹ کپتان انضمام الحق نے اپنے یو ٹیوب چینل پر ایک بیان میں ویراٹ کوہلی کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا، ”میں نے سنا ہے کہ وراٹ کوہلی کی بیٹی کو دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ لوگوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ صرف ایک کھیل ہے۔ ہم الگ الگ ملکوں کے لیے کھیل رہے ہیں، لیکن ہم ایک ہی کمیونٹی کا حصہ ہیں۔ آپ کو کوہلی کی بلے بازی یا ان کی کپتانی کی نکتہ چینی کرنے کا پورا حق ہے لیکن کسی کے خاندان کو نشانہ بنانا شرمنا ہے۔ مجھے اس پر افسوس ہوا ہے۔"

پاکستان کے تیز گیند باز محمد عامر نے بھارت کو 'بہترین ٹیم‘  قراردیتے ہوئے کوہلی کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہا، ”میرا اب بھی یقین ہے کہ انڈیا بہترین ٹیم ہے۔ یہ صرف وقت کی بات ہے۔ کسی کے لیے کوئی دن اچھا ہوتا ہے اور کسی کے لیے خراب۔ لیکن کھلاڑی اور اس کے خاندان کی تضحیک کرنا ایک ایسی شرمناک بات ہے جسے کبھی بھلایا نہیں جاسکتا۔"

تصویر: picture-alliance/dpa/A. Devlin

دھونی کو بھی ایسی ہی دھمکیاں ملی تھیں

یہ پہلا موقع نہیں جب ٹرالرز نے کسی بھارتی کرکٹ کھلاڑی کے خاندان کو نشانہ بنایا ہے۔

 آئی پی ایل میں ناکام ہونے پر ٹرالرز نے سابق بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی اور ان کی اہلیہ ساکشی کے انسٹاگرام اکاونٹ پر ان کی پانچ سالہ بیٹی زیوا کو ریپ کرنے کی دھمکی دی تھی۔

اس وقت بالی وڈادکارہ نغمہ نے اس کی مذمت کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی سے پوچھا تھا کہ آخر بھارت میں یہ سب کیا ہو رہا ہے۔ دراصل مودی نے اس وقت مشہور نعرہ 'بیٹی بچاو، بیٹی پڑھاو‘ دیا تھا۔

دھونی کی بیٹی سے ریپ کی دھمکی کے معاملے میں گجرات پولیس نے 16سال کے ایک نابالغ لڑکے کو حراست میں لیا تھا جو گیارہویں درجہ کا طالب علم تھا۔

بھارت میں کرکٹ کو جنون کی حد تک چاہنے والے بعض مداح کرکٹ کھلاڑیوں کو بھگوان کا درجہ دے چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب کبھی بھارتی ٹیم شکست سے دوچار ہوتی ہے تو وہ اپنے آپ پر قابو نہیں رکھ پاتے ہیں۔

جاوید اختر

.

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں