پاکستان: تحریک عدم اعتماد کے لیے پارلیمانی اجلاس طلب
20 مارچ 2022
پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے لیے پارلیمانی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔ اس حوالے سے قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو منعقد ہوگا۔
اشتہار
پاکستان کی قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی درخواست پر وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کے لیے اجلاس جمعہ 25 مارچ کو بلایا گیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی کے دفتر سے جاری کردہ بیان کے مطابق اسلام آباد میں شروع ہونے والے دو روزہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے 48ویں اجلاس کی وجہ سے پارلیمانی اجلاس میں چند روز کی تاخیر کی گئی ہے۔
رواں ماہ حزب اختلاف کی جماعتوں نے وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی خاطر اجلاس بلانے کی درخواست اسپیکر کو جمع کرائی تھی۔ آئینی طور پر اسپیکر اس درخواست پر 14 دنوں کے اندر اجلاس بلانے کا پابند ہے اور یہ مدت کل پیر 21 مارچ کو ختم ہو رہی ہے۔
پی ٹی آئی حکومت بمقابلہ متحدہ اپوزیشن
وزیراعظم عمران خان کو عدم اعتماد کی تحریک سے بچنے کے لیے ایوان زیریں کے 342 ميں سے 172 ارکان کی حمایت حاصل کرنا ہوگی جبکہ متحدہ اپوزیشن کے پاس پارلیمنٹ کی 163 نشستیں ہیں۔ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے قانون سازوں کی تعداد 155 ہے اور حکومت ميں رہنے کے ليے اسے کوليشن پارٹنرز کی ضرورت ہے۔
سن 2018 میں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے والے عمران خان کی حکومت اپنے مشکل ترین دور سے گزر رہی ہے۔ اپوزیشن وزیراعظم عمران خان پر ملکی معیشت اور خارجہ پالیسی بگاڑنے کا الزام عائد کرتی ہے، جسے وہ مسترد کرتے ہیں۔ يہ امر اہم ہے کہ پاکستان کی تاريخ ميں عدم اعتماد کی تحريک کے ذريعے آج تک کسی وزير اعظم کو نہيں ہٹايا گيا۔
فوج اب خان کی حمايت ميں کھڑی ہے يا نہيں؟
پاکستانی فوج کی جانب سے پہلے ہی کہا جاچکا ہے کہ موجودہ سياسی بحران سے اس کا کوئی لينا دينا نہيں اور وہ کسی جماعت کی حمايت يا مخالفت نہيں کرتی۔ سیاسی مبصرین البتہ فوج کے 'نيوٹرل‘ رہنے کے دعوے سے متفق نہيں۔ تجزيہ کاروں کی رائے ميں سن 2018 ميں خان کو حکومت ميں لانے ميں بھی فوج کا کردار تھا لیکن فوج اور عمران خان دونوں ہی اس تاثر کو رد کرتے آئے ہیں۔
ع آ / ا ب ا (روئٹرز، اے پی)
کپتان سے وزیر اعظم تک
پاکستان کی قومی اسمبلی کے اراکین نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو ملک کا نیا وزیراعظم منتخب کر لیا ہے۔
تصویر: Getty Images
بطور وزیراعظم حلف
ہفتہ یعنی اٹھارہ اگست کو تقریب حلف برداری میں عمران خان بطور وزیر اعظم حلف اٹھائیں گے۔
تصویر: picture alliance/dpa/MAXPPP/Kyodo
کرکٹر
عمران خان پانچ اکتوبر 1952ء کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔ بچپن سے ہی کرکٹ میں دلچسپی تھی اور ان کا شمار پاکستان کرکٹ ٹیم کےکامیاب ترین کپتانوں میں ہوتا ہے۔
تصویر: picture-alliance/Dinodia Photo Library
سیاست میں قدم
عمران خان نے تبدیلی اور حکومتی بدعنوانی کے خاتمے کے نعرے کے ساتھ ایرپل 1996ء میں پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھی۔ ایک کرکٹ لیجنڈ ہونے کے باوجود انہیں ابتدا میں سیاسی میدان میں کوئی خاطر خواہ کامیابی نہیں ملی تھی۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/K.M. Chaudary
نوجوانوں کا ’ہیرو‘
پاکستان میں ’دو پارٹیوں کی سیاست‘ کے خاتمے کے لیے جب عمران خان نے سیاسی میدان میں قد م رکھا تو نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے انہیں خوش آمدید کہا۔
تصویر: AAMIR QURESHI/AFP/Getty Images
حادثہ
2013ء کے انتخابات گیارہ مئی کو منقعد ہوئے تھے۔ تاہم عمران خان سات مئی کو اس وقت ایک لفٹر سے گر کر زخمی ہو گئے تھے، جب انہیں لاہور میں ہونے والے ایک جلسے سے خطاب کے لیے اسٹیج پر لے جایا جا رہا تھا۔
تصویر: Getty Images
’امید‘
کہا جاتا ہے کہ 2013ء کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت اپنے عروج پر تھی تاہم عمران خان کی جماعت 27 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی تھی۔ مسلم لیگ نون کی حکومت قائم ہوئی اور عمران خان نے حکمران جماعت پر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات عائد کیے۔
تصویر: Reuters/C. Firouz
’میں اسپورٹس مین ہوں‘
2008ء اور 2013ء کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف اپنی توقعات کے مطابق ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی تھی۔ اس موقع پر جب بھی عمران خان سے پارٹی کے مستقبل کے حوالے سے سوال کیا جاتا تو وہ اکثر کہتے تھےکہ انہوں نے زندگی بھر کرکٹ کھیلی ہے۔ وہ ایک اسپورٹس مین ہیں اور شکست سے گھبراتے نہیں ہیں۔
تصویر: Reuters
جلسے جلوس
عمران خان نے حالیہ انتخابات سے قبل ملک بھر میں جلسے کیے۔ مبصرین کی رائے تحریک انصاف کے ان جلسوں نے حامیوں کو متحرک کرنے اہم کردار ادا کیا۔
تصویر: picture-alliance/dpa
عمران خان وزیر اعظم منتخب
عمران خان کی جماعت نے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں اکثریتی ووٹ حاصل کیے تھے۔ لیکن پاکستان تحریک انصاف اتنے ووٹ حاصل نہیں کر پائی تھی کہ وہ سیاسی جماعتوں سے اتحاد کے بغیر حکومت قائم کر سکے۔ وزیر اعظم کے عہدے کے لیے عمران خان کا مقابلہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف سے تھا۔ عمران خان کو 176جبکہ شہباز شریف کو 96 ووٹ ملے۔