1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: قران کی تعلیم لازمی لیکن ترجمے پر اختلافات ابھی سے

عبدالستار، اسلام آباد
23 فروری 2017

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے تعلیمِ قران کو لازمی قرار دینے کے لئے ایک بل پاس کیا ہے لیکن قرآن کے ترجمے کے حوالے سے سول سوسائٹی ابھی سے سوالات اٹھا رہی ہے اور تمام فرقوں کے علماء میں بھی اختلاف پایا جاتا ہے۔

Symbolbild - Koran
تصویر: Getty Images/AFP/M. Al-Shaikh

اس بل میں یہ تجویز کیا گیا ہے کہ پہلی کلاس سے بارہویں تک وفاقی حکومت کے زیرِ اتنظام تعلیمی اداروں میں مسلمانوں کی مقدس کتاب قران کی تعلیم دی جائے گی۔ پہلی کلاس سے پانچویں کلاس تک ناظرہ جب کہ قران کا ترجمہ چھٹی کلاس سے بارہویں کلاس تک پڑھایا جائے گا۔ وفاقی وزیر برائے تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ بلیغ الرحمان کا اس موقع پر کہنا تھا، ’’قران شریف کا ایک سادہ سا ترجمہ جو تمام مکاتبِ فکر کے لئے قابلِ قبول ہو وہ پڑھایا جائے گا۔‘‘
لیکن سول سوسائٹی، سیاست دان اورماہر ینِ تعلیم کے خیال میں اس سے معاشرے میں مذہبی و فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم مزید بڑھ سکتی ہے۔ اس فیصلے پر اپنے تاثرات دیتے ہوئے معروف ماہرِ تعلیم ڈاکڑ مہدی حسن نے ڈوئچے ویلے کو بتایا، ’’ہمارا معاشرہ پہلے ہی مذہبی و فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم ہے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کونسا ترجمہ پڑھایا جائے گا اور یہ پڑھانے کے لئے اساتذہ کہاں سے بھرتی کئے جائیں گے۔ بریلوی ایسے کسی ترجمے کو منظور نہیں کریں گے جو دیوبندی حضرات نے لکھا ہو اور دیوبندی بریلوی علماء کے ترجمے کو نہیں پڑھیں گے۔ اہلِ تشیع بھی اس فیصلے پر اعتراضات کریں گے۔ اس طرح کی کوششیں انیس سو پچاس کی دہائی اور بعد میں جنرل ضیاء کے دور میں بھی ہوئیں اور اس کاکوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ مذہبی تعلیم والدین کو گھر پر دینی چاہیے۔ اگر اس طرح سرکاری اسکولوں میں تعلیم دی جائے گی تو اس سے مسائل بڑھیں گے۔‘‘
ڈاکڑ مہدی حسن کے خدشات کوکئی لوگ صحیح سمجھتے ہیں۔ ڈی ڈبلیو سے بات چیت کرتے ہوئے سنی تحریک کے علماء بورڈ کے رکن علامہ طاہر اقبال چشتی نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ’’ہم کسی صورت یہ قبول نہیں کریں گے کہ بریلوی اسٹوڈنٹس کو ایسے تراجم پڑھائیں جائیں، جو دیوبندی علماء نے کئے ہیں۔ ہمیں اور ہمارے اکابرین کو ان تراجم کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں اور ان تراجم کے حوالے سے بریلوی علماء کے فتوے بھی موجود ہیں۔ ہمارے خیال میں اگر حکومت ترجمہ پڑھانا چاہتی ہے تو احمد رضا خان صاحب بریلوی کا لکھا گیا ترجمہ پڑھایا جائے۔ اگر علمائے دیوبند کا ترجمہ پڑھایا گیا تو اس پر شدید احتجاج کیا جائے گا۔‘‘
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا، ’’ہمارے اس حوالے سے بھی خدشات ہیں کہ زیادہ تر اساتذہ دیوبندی مکتبہ ء فکر سے لئے جائیں گے۔ اس ملک میں آبادی کی اکثریت بریلوی ہے لیکن مدارس زیادہ دیوبندیوں نے قائم کئے ہوئے ہیں۔ آرمی میں بھی زیادہ تر خطیب کی نوکری دیوبندی مولویوں کو ملتی ہے۔ اب کہیں جا کر ہماری شرح پندرہ فیصد کے قریب ہوئی ہے۔ سب کو پتہ ہے کہ ملک میں جو دہشت گردی ہورہی ہے اس میں کس طرح کے مدارس ملوث ہیں۔ ایک مشہور دیوبندی عالم کا کینٹ کے علاقوں میں داخلہ بند ہے اور وہ وہاں تبلیغ بھی نہیں کر سکتے۔ تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس عالم کے شاگرد پھر کیسے ان وفاقی تعلیمی اداروں میں مقرر کئے جا سکتے ہیں۔ اگر بریلوی مدارس کے فارغِ التحصیل طلباء کو ان نوکریوں میں مناسب نمائندگی نہیں دی گئی، تو ہم بھر پور احتجاج کریں گے۔‘‘

تصویر: Getty Images/AFP/B. Khan

پاکستان کے آن لائن مدارس، منافع بخش کاروبار

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے اسد بٹ کے خیال میں اس فیصلے سے مذہبی اقلیتوں کے لئے اور مشکلات پیدا ہوں گی۔ اس فیصلے کے حوالے سے انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ’’سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ہندوؤں ، عیسائیوں اور دوسرے مذاہب کے بچوں کو کیا پڑھائیں گے؟ ہمارے تعلیمی اداروں میں مختلف فرقوں کے بچے پڑھتے ہیں۔ جب ضیاء کے دور میں اسکولوں میں طریقہ نماز سکھایا جانے لگا تو اس سے گلگت و بلتستان میں بڑے مسائل شروع ہوگئے تھے۔ ایک بچے نے والدین کو کہا کہ تم تو غلط نماز پڑھتے ہو۔ اس کے بعد وہاں مظاہرے شروع ہوگئے، جو کافی عرصہ چلتے رہے۔ اس ملک میں شیعہ، سنی، دیوبندی، بریلوی اور دوسرے فرقوں کے اختلافات پہلے ہی ہیں۔ اس طرح کے اقدامات سے ان میں مزید شدت آئے گی۔ اس کے علاوہ جب آپ اسکول میں قران پاک رکھیں گے ۔ تو بچے تو سمجھ دار نہیں ہوتے۔ اگر کسی سے غلطی سے بھی قرآن گرگیا یا بے حرمتی ہوگئی تو اس کا واویلا کر دیا جائے گا۔ میرے خیال میں یہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے اور سول سوسائٹی کو اس حوالے سے آواز اٹھانی چاہیے۔‘‘
سینیٹر عثمان کاکڑ نے ڈی ڈبلیوکو بتایا، ’’کے پی میں عمران خان  علماء کو خوش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور یہاں نواز شریف اور وزیرِتعلیم مذہبی عناصر کو خوش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میری خیال میں اب اگر فیصلہ ہو ہی گیا ہے تو انہیں یونیورسٹی سے پڑھے لکھے لوگ قران پڑھانے کے لئے رکھنے چاہیئں ورنہ تو ملک میں مزید مسائل بڑھیں گے۔‘‘
ان تمام تر خدشات کے باوجود حکومت کے خیال میں اس فیصلے کے کوئی منفی اثرات نہیں ہوں گے۔ نون لیگ کے رہنما سینیٹر راجہ ظفر الحق نے اس حوالے سے ڈوئچے ویلے کو بتایا، ’’غیر مسلم طلباء کو بھی اس بات کے مواقع فراہم کئے جائیں گے کہ وہ اپنے مذہب کی تعلیم حاصل کریں۔ ترجمے کے حوالے سے اتفاقِ رائے پیدا کیا جائے گا اور بالکل اسی طرح اساتذہ کی بھرتی کے لئے بھی مختلف اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت کی جائے گی اور سب کو اعتماد میں لے کر ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں