1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیاتایشیا

پاکستان: مسلسل چھٹے ماہ ترسیلات زر دو ارب ڈالر سے زائد

12 دسمبر 2020

پاکستان کے مرکزی بینک کے مطابق رواں برس بیرون ملک کام کرنے والوں نے ریکارڈ رقوم پاکستان بھیجی ہیں۔ سب سے زیادہ رقوم چار ممالک میں ملازمت یا کاروبار کرنے والوں نے پاکستان منتقل کیں۔

Pakistan Währung Wechsel Dollar Rupien Geldscheine
تصویر: picture-alliance/dpa/A.Gulfam

اسٹیٹ بینک پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک کام کرنے والوں نے نومبر کے مہینے میں دو عشاریہ تین چار ارب ڈالر پاکستان بھیجے۔ اکتوبر کے مقابلے میں یہ رقم دو اعشاریہ چار فیصد زائد بنتی ہے۔ اگر اس کا موازنہ اکتوبر دو ہزار انیس سے کیا جائے تو یہ رقم تقریبا اٹھائیس فیصد زائد ہے۔

رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں مجموعی طور پر تقریبا بارہ ارب ڈالر پاکستان بھیجے گئے، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کی نسبت تقریبا ستائیس فیصد زیادہ ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت اب ہر ماہ اوسطاﹰ نصف ارب ڈالر زائد پاکستان بھیجے جا رہے ہیں۔ پانچ ماہ کے دوران سب سے زیادہ رقوم سعودی عرب میں کام کرنے والوں نے پاکستان بھیجیں۔ ان کی مالیت تقریبا تین اعشاریہ تین ارب ڈالر تھی۔ دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات آتا ہے، جہاں کام کرنے والوں نے دو اعشاریہ چار ارب ڈالر پاکستان روانہ کیے۔ ان کے بعد تیسرے نمبر پر برطانیہ آتا ہے، جہاں بسنے والوں نے ایک اعشاریہ چھ ارب ڈالر پاکستان بھیجے اور چوتھے نمبر پر امریکا ہے، جہاں سے ایک ارب ڈالر پاکستان منتقل ہوئے۔

ترسیلات زر کے لیے پاکستان حکومت اور اسٹیٹ بینک مسلسل آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔ منی لانڈرنگ کے راستے مسدود کرتے ہوئے قانونی ڈیجیٹل راستے کھولے جا رہے ہیں۔ رقوم کے تبادلے کی مارکیٹوں میں نئے ضوابط متعارف کروائے جا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ چار دسمبر کے اعداد و شمار کے مطابق اس جنوبی ایشیائی ملک کے غیرملکی لیکوئڈ زرمباددلہ کے ذخائر بیس اعشاریہ چار ارب ڈالر تھے۔

پاکستان اسٹیٹ بینک نے ترسیلات زر میں اضافے کے لیے حال ہی میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ بھی متعارف کروایا تھا۔ حیران کن طور پر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے یومیہ سات اعشاریہ سات ملین ڈالر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ مجموعی طور پر ان اکاؤنٹس سے ابھی تک تقریبا ایک سو چالیس ملین ڈالر پاکستان پہنچے ہیں۔ ان میں سے اکیاسی ملین نیا پاکستان سیرٹیفیکیٹس میں انویسٹ کیے گئے ہیں۔

ا ا / ع ت 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں