1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں اومیکرون کا پھیلاؤ اور کم زور ویکسینیشن مہم

29 دسمبر 2021

پاکستان میں طبی حکام کا کہنا ہے کہ ملک جلد ہی کورونا وائرس کی پانچویں لہر کا سامنا کر سکتا ہے۔ اس کی وجہ کورونا وائرس کے اومیکرون ویرئینٹ کا تیز رفتار پھیلاؤ اور کم زور ویکسینیشن مہم ہے۔

Weltspiegel 10.06.2021 | Corona | Pakistan Karatschi | Impfkampagne
تصویر: Akhtar Soomro/REUTERS

پاکستان میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے شکار افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور حکام کو خدشہ ہے کہ اگلے چند روز میں پاکستان اس وائرس کی پانچویں لہر کا مقابلہ کر رہا ہو گا۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل قیصر سجاد نے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے سے گفتگو میں کہا، ''ہمیں خدشہ ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں وبا کی پانچویں لہر ہمیں ہدف بنا سکتی ہے۔‘‘

پاکستان میں اومیکرون وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کر دی گئی

پاکستان کے سیاحتی علاقوں میں کورونا کیا کر رہا ہے؟

سجاد نے اس کی وجہ ملک میں کورونا ویکسین لگانے سے کترانے اور عوامی مقامات پر بڑے پیمانے پر سماجی فاصلے سے متعلق پابندیوں کو خاطر میں نہ لانے کے رویوں کو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فیس ماسک پہننے کا رجحان نہایت کم ہے اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے اعتبار سے یہ عنصر اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

نئی لہر سے نمٹنے کی تیاری

دوسری جانب وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے طبی خدمات فیصل سلطان نے ڈی پی اے کو بتایا، ''ہم نئی لہر سے لڑنے کی تیاری کر رہے ہیں، لیکن فی الحال نہ تو کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور نہ ہی ہسپتالوں پر کوئی بوجھ ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی نئی لہر کے خدشات موجود ہیں تاہم اب تک اومیکرون ویرئینٹ کے کیسز میں خطرناک اضافہ نہیں دیکھا گیا ہے۔ انہوں نے تاہم عوام سے اپیل کی کہ وہ ماسک کا استعمال کریں اور جلد از جلد ویکسینیشن لگوائیں۔

کورونا کی وبا سے پاکستانی طلبہ بُری طرح متاثر

02:49

This browser does not support the video element.

پاکستان میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد

واضح رہے کہ پاکستان میں 13 دسمبر کو اومیکرون کا پہلا کیس سامنے آیا تھا اور اب یہ تعداد 79 ہو چکی ہے۔ کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے بعد گو کہ پاکستان میں زندگی ایک طرح سے معمول پر دکھائی دیتی ہے، تاہم حکام نے نئی لہر کی روک تھام کے لیے کچھ سفری پابندیاں عائد کی ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پاکستان میں کورونا وائرس کے 378 نئے کیس جب کہ کم از کم چھ ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ عالمی وبا کے آغاز سے اب تک پاکستان میں مجموعی طور پر ایک لاکھ انتیس ہزار چار سو اُناسی افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جب کہ 28 ہزار نو سو اٹھارہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ پاکستان میں اب تک تیس فیصد سے بھی کم آبادی نے کورونا سے مدافعت کی ویکسین لگوائی ہے۔

ع ت /  ع آ (ڈی پی اے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں