1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں تمام بین الاقوامی پروازیں بند

21 مارچ 2020

نئے کورونا وائرس کی وبا کی اس وقت تک تازہ ترین صورت اور مختلف ممالک کی طرف سے کیے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلات اس لائیو آرٹیکل میں پڑھیے۔

Corona Auswirkungen weltweit | Kolumbien
تصویر: AFP/J. Barreto

نئے کورونا وائرس کی وبا دنیا کے 186 ممالک تک پہنچ چکی ہے۔ اب تک 277031 افراد متاثر اور 11421 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں بھی مریضوں کی تعداد 534 اور ہلاکتوں کی تعداد تین ہو چکی ہے۔ چین میں مقامی سطح پر نئے کورونا وائرس کا کوئی نیا کیس تیسرے روز بھی نہیں آیا۔ 

  • پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے انسداد کے لیے آئندہ دو ہفتوں کے لیے ملک میں تمام بین الاقوامی پروازیں بند کی جا رہی ہیں۔ اتھارٹی نے اپنے بیان میں کہا، ’’حکومت پاکستان نے بین الاقوامی مسافروں، چارٹرڈ اور پرائیوٹ فلاٹس کے لیے تمام فلائٹ آپریشنز بند کر دیے ہیں۔ اس فیصلے کا اطلاق اکیس مارچ سے لے کر چار اپریل تک ہو گا۔‘‘ تاہم اس فیصلے کا اطلاق سفارتی اور کارگو فلائٹس پر نہیں  ہو گا۔
  • اتحاد ایئر ویز نے بھی پاکستانی شہروں لاہور، کراچی اور اسلام آباد کے لیے اپنی فلائٹس عارضی طور پر ختم کر دی ہیں۔
  • پاکستان میں تمام بین الاقوامی فلائٹ آپریشنز بندتصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi
  • سنگاپور میں کورونا وائرس کی نئی قسم سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں آج 47 مزید مریض بھی سامنے آئے ہیں جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 432 ہو گئی ہے۔
  • متحدہ عرب امارات کی ایئر لائن ایمیریٹس نے فرانس، جرمنی، نائجیریا، نیو یارک اور نیو جرسی کے لیے اپنی تمام پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔  کمپنی کی ایک داخلی ای میل کے مطابق مذکورہ پروازیں آئندہ فیصلے تک نہیں چلائی جائیں گی۔
  • وفاقی جرمن ریاست باویریا کے وزیر اعلیٰ مارکوس زوئڈر نے نئے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے ملک بھر میں مشترکہ طریقہ کار اختیار کیے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے موجودہ صورت حال کو ’زندگی اور موت کا معاملہ‘ قرار دیا۔ باویریا میں گزشتہ روز سے دو ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا جا چکا ہے۔ جرمنی کے تمام وزرائے اعلیٰ اتوار کے روز چانسلر میرکل کے ساتھ ملاقات کر رہے ہیں۔ اس اجلاس میں ملک گیر سطح پر لاک ڈاؤن جیسے سخت اقدامات کیے جانے کے معاملے پر فیصلہ کیا جائے گا۔
  • عالمی ادارہ صحت نے صحت سے متعلق الرٹس جاری کرنے کے لیے آج سے واٹس ایپ میسجنگ سروس استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان پیغامات کے ذریعے لوگوں کو تازہ ترین صورت حال اور مرض سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں مطلع کیا جائے گا۔
  • عالمی ادارہ صحت نے دنيا بھر کے نوجوانوں کو خبردار کيا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم سے ان کو بھی خطرہ لاحق ہے اور وہ خود کو قطعی طور پر اس وائرس سے ’بالکل محفوظ‘ نہ سمجھيں۔ ڈبليو ايچ او کے سربراہ نے کہا کہ يہ وائرس نوجوانوں کو ہفتوں کے ليے ہسپتال بھيج سکتا ہے اور ان کی موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ انہوں نے مزيد کہا کہ اگر کورونا وائرس نوجوانوں کی موت کا سبب نہيں بھی بنتا، تو بھی ان کی نقل و حرکت اور ان کے فيصلے دوسروں پر اثر انداز ہوتے ہيں۔ يہ امر اہم ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم عمر رسيدہ افراد اور پہلے سے سانس يا پھيپھڑوں کے امراض ميں مبتلاء افراد کے ليے زيادہ خطرناک ثابت ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: کورونا: سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں، ایک پاکستانی بھی ہلاک

  • کورونا وائرس کی نئی قسم کے باعث ہونے والی بيماری کووڈ انيس سے عالمی سطح پر ہلاک ہونے والوں کی تعداد گيارہ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ يورپی ملک اٹلی ميں ايک ہی دن ميں 627 اموات کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد چار ہزار سے زائد ہو گئی ہے، جو دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ چين ميں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 3,255 ہے۔ دنيا بھر ميں اب تک دو لاکھ پچھتر ہزار سے زائد افراد ميں وائرس موجود ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ 
  • کورونا وائرس: بچنے کے امکانات کتنے

    02:03

    This browser does not support the video element.

  • چين ميں مسلسل تين دنوں سے داخلی سطح پر منتقل ہونے والا اس وائرس کا کوئی نيا کيس سامنے نہيں آيا البتہ جو چينی باشندے بيرون ملکوں سے لوٹ رہے ہيں، ان سے وائرس کے پھيلاؤ  ميں اضافہ نوٹ کيا جا رہا ہے۔ 

یہ بھی پڑھیے: پاکستان میں لوگ قرنطینہ جانے سے کیوں گھبرا رہے ہیں؟

  • امريکا کی سب سے بڑی رياست کيلی فورنيا کے بعد الينوائے اور نيو يارک ميں بھی اس اختتام ہفتہ سے مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہو رہا ہے۔ مجموعی طور ان تين رياستوں ميں ستر ملين سے زائد افراد رہائش پذير ہيں۔ اس دوران کسی بھی قسم کے اجتماع اور غير ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے پر پابندی عائد ہو گی۔ تاہم ادويات يا گھريلو ساز و سامان کی خريداری کے ليے باہر نکلنے کی اجازت ہو گی۔ دريں اثناء نائب امريکی صدر مائيک پينس کے عملے کے ايک رکن ميں کورونا وائرس کے مرض کی تشخيص ہوئی ہے۔ 
  • جنوبی امريکا ميں وينزويلا، پيرو اور ایکواڈور کے بعد بيس مارچ کی شب کولمبيا نے بھی ملک گير سطح پر لاک ڈاؤن نافذ کر ديا ہے۔

ش ح / ع ص (نیوز ایجنسیاں)

کورونا وائرس: جرمنی میں پاکستانی برادری کا رہن سہن بھی متاثر

04:38

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں