1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں تین برس بعد بین الاقوامی کرکٹ مقابلے

21 اکتوبر 2012

پاکستان میں تین برس بعد بین الاقوامی کرکٹ مقابلے کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس پر کرکٹ کے دلدادہ پاکستانیوں نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔

تصویر: DW

اگرچہ اس سلسلے کے دونوں ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچز کو پاکستان کرکٹ بورڈ یا آئی سی سی کی مکمل سرپرستی حاصل نہیں اور نہ ہی بہت نامی غیر ملکی کھلاڑی شریک تھے مگر پھر بھی کئی حوالوں سے اسے ایک خوش آئند پیشرفت قرار دیا جارہا ہے۔ بندرگاہی شہر کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں تیس ہزار سے زائد افراد نے پاکستان الیون اور انٹرنیشنل الیون کا پہلا ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ دیکھا۔ پاکستان الیون کے قائد شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کا پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ چونکہ انٹرنیشل الیون میں زیادہ تر کھلاڑی ان دنوں زیادہ سرگرمی سے کرکٹ نہیں کھیل رہے اور یوں میچ پریکٹس نہ ہونے کے سبب وہ پاکستان الیون کے بلے بازوں کو بہت زیادہ مشکل میں نہ ڈال سکے۔

پاکستان الیون کی جانب سے عمران نذیر اور شاہ زیب حسن نے اوپنگ کی جبکہ انٹرنیشنل الیون کی جانب سے جنوب افریقی بالر آندے نیل اور افغان بالر شاہ پور زدران نے اٹیک کیا۔ پاکستانی بلے باز چھ اوور میں اسی سے زائد رنز کی شراکت جوڑنے میں کامیاب رہے۔ پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شاہ زیب تھے جنہوں نے محض 21 گیندوں پر چار چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 54 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔

شاہ پور زدرانتصویر: DW

ان کے بعد آنے والے بلے باز بھی جلد رنز سمیٹتے رہے اور مجموعی اسکور بڑھتا رہا۔ پاکستان الیون کی جانب سے سب سے زیادہ رنز عمر اکمل نے بنائے۔ انہوں نے تین چھکوں اور سات چوکوں سے سجی اننگز میں 37 گیندیں کھیل کر 67 رنز بنائے۔ عمران نذیر نے 19 گیندوں پر ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 29 رنز بنائے۔ انٹرنیشنل الیون کی جانب سے نمایاں گیند باز جنوبی افریقہ کے تھانڈی شابا لالا رہے، جنہوں نے تین اوورز میں 20 رنز دیے اور تین وکٹیں حاصل کیں۔ زدران نے چار اوورز میں 38 رنز دیے اور دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں انٹرنیشل الیون کے سری لنکن کپتان جے سوریا اور افغان وکٹ کیپر محمد شہزاد نے بیٹنگ کا آغاز کیا۔ جے سوریا پہلے ہی اوور میں ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر انور علی کی گیند پر آفریدی کو کیچ دے بیٹھے۔ شہزاد بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹہر سکے۔ وہ چودہ رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔انٹرنیشنل الیون کی ٹاپ آرڈر پاکستانی بالروں کے سامنے بے بس دکھائی دی۔ ان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز اٹیکنگ افغان بالر شاہ پور زدران نے بنائے۔ زدران نے 51 گیندوں پر تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے۔

پاکستان الیون کی جانب سے تابش خان نے تین وکٹیں حاصل کیں اور انٹرنیشنل الیون کو مقررہ اوورز میں 138 رنز تک محدود کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ یوں پاکستان الیون 84 رنز سے یہ میچ جیت گئی۔ اس سلسلے کا دوسرا میچ آج کھیلا جارہا ہے۔ یہ دو میچز سندھ کے وزیر کھیل محمد علی شاہ نے آرگنائز کیے ہیں

(sks/ at (AFP

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں