1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں تین ڈرون حملے، کم از کم 20 ہلاک

6 جون 2011

پاکستانی قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں تین ڈرون حملوں کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ حملے 15 منٹ کے وقفے سے تین مختلف مقامات پر کیے گئے۔

تصویر: AP

دو جون کو ایسے ہی ایک ڈرون حملے میں القاعدہ سے منسلک ایک شدت پسند رہنما الیاس کشمیری کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ ایک مقامی انٹیلیجنس اہلکار کے مطابق پہلا حملہ پیر کو علی الصبح وانا سے 10 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع علاقے شلام رگزئی میں کیا گیا: ’’میزائل حملے میں وانا کے قریب پہاڑیوں پر موجود عسکریت پسندوں کے ایک کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا گیا۔‘‘ اس حملے میں سات مشتبہ شدت پسند ہلاک ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق اس حملے میں ہلاک ہونے والوں میں غیرملکی شدت پسند بھی شامل ہیں۔

اس حملے سے 15 منٹ بعد وانا سے شمال مغرب میں واقع علاقے وچا دانہ میں موجود ایک کمپاؤنڈ پر دو میزائل داغے گئے۔ ایک خفیہ اہلکار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اس ڈرون حملے میں آٹھ شدت پسند ہلاک ہوئے اور یہ سب کے سب ’پنجابی طالبان‘ تھے۔ گزشتہ ماہ پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد سے پاکستانی طالبان کی طرف سے ملکی ملٹری اور سکیورٹی فورسز کے خلاف حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

دو جون کو ایک ڈرون حملے میں القاعدہ سے منسلک ایک شدت پسند رہنما الیاس کشمیری کی ہلاکت کی اطلاعات ہیںتصویر: picture alliance/dpa

جمعہ دو جون کو قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں وانا ہی کے علاقے میں ایک ڈرون حملے میں متعدد عسکریت پسند ہلاک ہوگئے تھے۔ پاکستانی وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے اتوار کے روز کہا تھا کہ انہیں 98 فیصد یقین ہے کہ اس حملے میں شدت پسند کمانڈر الیاس کشمیری ہلاک ہوگیا ہے۔

وانا میں موجود ایک اور عسکریت پسند کمانڈر نے بھی الیاس کشمیری کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی، تاہم امریکی قومی سلامتی کے ایک اہلکار نے کہا تھا کہ الیاس کشمیری کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی جاسکتی اور یہ کہ ابھی اس طرح کا کوئی دعویٰ قبل از وقت ہوگا۔

اسامہ بن لادن کے بعد الیاس کشمیری کی ہلاکت امریکہ کی ایک اور کامیابی ہوگی۔ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ’الیاس کشمیری ایک خاص قسم کا بین الاقوامی دہشت گرد ہے‘۔ الیاس کشمیری کو 2008ء میں ممبئی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں بھی ملوث قرار دیا جاتا ہے۔

پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ کراچی میں پاکستان نیوی کے ایئربیس پی این ایس مہران پر ہونے والے حملے کا ماسٹر مائنڈ بھی الیاس کشمیری ہی تھا۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں