پاکستان میں جہادیوں کے لیے نرم گوشہ، کریک ڈاؤن پر اثرات
8 مارچ 2019
پاکستانی حکومت نے ملک بھر میں موجود مختلف عسکری تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے، تاہم ان ’جہادی‘ تنظیموں کے لیے عوام کے کچھ حصوں میں نرم گوشہ بھی پایا جاتا ہے۔ کیا ایسی صورت میں یہ کریک ڈاؤن آسان ہو گا؟
اشتہار
پاکستانی شہر بہاولپور کو جہادیوں کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے، مگر اقوام متحدہ کی جانب سے دہشت گرد قرار دی گئی جہادی تنظیم جیش محمد کے حق میں مقامی افراد کی جذباتی ہم دردی، حکومت کی جانب سے اس اور دیگر عسکری تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کو متاثر کر سکتی ہے۔
بھارت کے زیرانتظام کشمیر ميں کئی حملوں سميت پلوامہ میں سکیورٹی فورسز کے ایک قافلے پر ہوئے حاليہ خودکش حملے کی ذمہ داری جیش محمد نے قبول کی تھی اور اس کے بعد جوہری ہتھیاروں کے حامل پاکستان اور بھارت کے درمیان عسکری کشیدگی ایک جنگی تنازعے کے خطرات تک جا پہنچی تھی۔ اس حملے میں ملوث مبینہ خودکش بمبار ایک کشمیری نوجوان تھا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق عوام میں ان عسکری تنظمیوں کے لیے موجود نرم گوشہ اور ہم دردی وزیراعظم عمران خان کے اس اعلان پر اثر انداز ہو سکتی ہے، جس میں پاکستانی حکومت نے ملک بھر میں ’جہادی تنظیموں‘ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے کریک ڈاؤن کا عندیہ دیا تھا۔
عمران خان حکومت جيش محمد کے اثاثوں کو اپنے قبضے میں لے چکی ہے، جب کہ اس اور ديگر کالعدم تنظیموں کے درجنوں افراد بھی گرفتار کر لیے گئے ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ان میں سے کئی گروہ غریب افراد میں نہایت مقبول ہیں، کیوں کہ ان تنظیموں کے زیرنگرانی چلنے والے خیراتی ادارے ان افراد کی مدد کرتے ہیں۔ ان میں سے بعض گروہوں کو مبينہ طور پر پاکستانی فوج اور خفیہ اداروں کی پشت پناہی بھی حاصل رہی ہے۔
بہاولپور کے ایک رہائشی طاہر ضیا نے ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات چیت میں کہا، ’’جیش محمد دہشت گرد تنظیم نہیں ہے۔ وہ صرف اسلام کا فروغ چاہتی ہے۔‘‘
ایک مقامی دکان دار ساجد علی کے مطابق، ’’جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر ایک پرامن شخص ہیں۔‘‘ انہوں نے اظہر پر دہشت گردی کے الزامات کو ’بھارتی پروپیگنڈا‘ قرار دے کر مسترد کر دیا۔
پاکستان کے انسدادِ دہشت گردی کے محکمے کے مطابق حکومت نے مجموعی طور پر 68 تنظیموں کو کالعدم قرار دیا ہے، جن میں جیش محمد، لشکر طیبہ، حرکت المجاہدین وغیرہ شامل ہیں۔ یہ تنظیمیں بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں اپنی عسکری کارروائیوں کی وجہ سے جانی جاتی ہیں۔
پاکستان: گزشتہ ایک عشرے کے بدترین دہشت گردانہ حملے
پاکستان نے 2001ء میں امریکا کی ’دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ‘ میں شمولیت اختیار کی تھی اور تب سے ہی اسے عسکریت پسندوں کے حملوں کا سامنا ہے۔ پاکستان میں ہونے والے گزشتہ ایک عشرے کے خونریز ترین بم دھماکوں پر ایک نظر !
تصویر: Picture-Alliance/AP Photo/A. Butt
2007ء: سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو پر حملہ
اٹھارہ اکتوبر کو کراچی میں مقتول سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک سو انتالیس افراد ہلاک ہوئے۔ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا تھا، جب بے نظیر اپنی آٹھ سالہ جلا وطنی ختم کر کے پہلی مرتبہ واپس پاکستان پہنچی تھیں اور ایک جلوس میں شریک تھیں۔ بے نظیر بھٹو کو اُسی برس ستائیس دسمبر کو ایک خود کش حملے سے پہلے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔
تصویر: picture-alliance/dpa/N. Khawer
2008ء: واہ کینٹ میں حملہ
اکیس اگست سن دو ہزار آٹھ کو اسلام آباد کے نواح میں واقع واہ کینٹ میں اسلحہ کی ایک فیکٹری (پی او ایف) میں ہوئے دوہرے خود کش بم دھماکے کے باعث چونسٹھ افراد مارے گئے تھے۔ یہ پاکستان کی تاریخی میں کسی فوجی تنصیب پر بدترین حملہ تھا۔ تحریک طالبان پاکستان نے اس کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
تصویر: Getty Images/AFP/B. Khan
2008ء: اسلام آباد کے لگژری ہوٹل پر حملہ
بیس ستمبر کو اسلام آباد کے فائیو اسٹار میریٹ ہوٹل پر حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں ساٹھ افراد لقمہٴ اجل بنے تھے۔ اس حملے میں دو سو سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں پانچ غیرملکی بھی شامل تھے جبکہ زخمی خیر ملکیوں کی تعداد پندرہ تھی۔
تصویر: picture-alliance/dpa/O. Matthys
2009ء: پشاور میں حملہ
اٹھائیس اکتوبر سن دو ہزار نو کو پشاور کے ایک مرکزی بازار میں ہوئے ایک کار بم حملے کے نتیجے میں ایک سو پچیس جانیں ضائع ہو گئی تھیں جبکہ زخمیوں کی تعداد دو سو سے بھی زائد تھی۔ اس حملے کی ذمہ داری طالبان اور القاعدہ دونوں ہی نے قبول کی تھی۔
تصویر: Getty Images/AFP/A Majeed
2009ء: لاہور نشانے پر
دسمبر میں پاکستان کے دوسرے سب سے بڑے شہر لاہور کی مون مارکیٹ میں یکے بعد دیگرے دو بم دھماکے ہوئے، جن کے نتیجے میں چھیاسٹھ افراد مارے گئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین شامل تھیں۔
تصویر: DW/T.Shahzad
2010ء: والی بال میچ کے دوران حملہ
سن دو ہزار دس میں پاکستان کے لیے یکم جنوری کا دن ہی اداسی لے کر آیا تھا۔ اس دن بنوں ضلع میں اس وقت خود کش حملہ کیا گیا تھا، جب لوگ والی بال کا ایک میچ دیکھنے ایک گراؤنڈ میں جمع تھے۔ اس کارروائی میں ایک سو ایک افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
تصویر: Getty Images/AFP/N. Azam
2010ء: احمدیوں پر حملہ
اٹھائیس مئی کے دن لاہور میں اقلیتی احمدیوں کی دو مساجد پر حملہ کیا گیا، جس میں بیاسی افراد ہلاک ہوئے۔ تحریک طالبان پاکستان نے اس ان حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی تھی۔
تصویر: Getty Images/N. Ijaz
2010ء: ایک قبائلی مارکیٹ میں حملہ
تین ستمبر سن دو ہزار دس کو قبائلی علاقے مومند میں ایک مصروف مارکیٹ کو ایک خود کش بمبار نے نشانہ بنایا تھا، جس میں ایک سو پانچ افراد لقمہٴ اجل بنے۔ بعد ازاں پانچ نومبر کو ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی ایک خود کش حملہ ہوا، جس میں اڑسٹھ افراد ہلاک ہوئے۔ اس مرتبہ انتہا پسندوں نے نماز جمعہ کے دوران ایک مسجد کو نشانہ بنایا تھا۔
تصویر: Getty Images/AFP/A. Majeed
2011ء: ڈیرہ غازی خان اور چارسدہ میں تباہی
تین اپریل سن دو ہزار گیارہ کو دو خود کش حملہ آوروں نے ڈیرہ غازی خان میں واقع ایک صوفی مزار کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں پچاس افراد مارے گئے۔ اس برس تیرہ مئی کو بھی دو خود کش بمباروں نے چارسدہ میں واقع پولیس کی ایک تربیت گاہ کو ہدف بنایا، اس خونریز کارروائی کی وجہ سے اٹھانوے افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
تصویر: Getty Images/AFP/H. Ahmed
2013ء: اقلیت پر حملے
سولہ فروری دو ہزار تیرہ کو کوئٹہ کے ہزارہ ٹاؤن میں ایک بم دھماکا کیا گیا، جس میں 89 افراد مارے گئے۔ اس حملے میں بھی شیعہ ہزارہ کمیونٹی کو ہدف بنایا گیا تھا۔ بائیس ستمبر کو پشاور میں اس وقت بیاسی افراد مارے گئے تھے، جب دو خود کش بمباروں نے شہر میں واقع ایک چرچ کو نشانہ بنایا تھا۔
تصویر: Getty Images/AFP/B. Khan
2014ء: اسکول پر بہیمانہ حملہ
سولہ دسمبر کا دن پاکستان میں قہر کا باعث بن گیا تھا۔ اس دن شدت پسندوں نے پشاور کے ایک اسکول پر حملہ کرتے ہوئے ایک سو چوّن افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ ان میں سے زیادہ تر بچے ہی تھے۔ اسی برس دو نومبر سن دو ہزار چودہ کو پاکستان اور بھارت کے مابین واقع مرکزی سرحدی گزر گاہ کے قریب ہی ایک خود کش حملہ ہوا تھا، جس میں پچپن افراد لقمہٴ اجل بنے تھے۔
تصویر: AFP/Getty Images/A Majeed
2015ء: شیعہ کمیونٹی ایک مرتبہ پھر نشانہ
تیس جنوری کو صوبہٴ سندھ میں شکارپور کی ایک مسجد پر حملہ کیا گیا، جس میں باسٹھ افراد مارے گئے تھے۔ تیرہ مئی کو شدت پسندوں نے کراچی میں شیعہ اقلیت کی ایک مسجد کو نشانہ بنایا اور 45 افراد کو ہلاک کر دیا۔ پاکستان میں یہ پہلا حملہ تھا، جس کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔
تصویر: STR/AFP/Getty Images
2016ء: لاہور پارک بم دھماکا
ستائیس مارچ کو لاہور میں واقع بچوں کے ایک پارک پر حملہ کیا گیا، جس میں 75 افراد ہلاک ہوئے۔ ان میں بچے بھی شامل تھے۔ اس حملے میں بھی مسیحی اقلیت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔
تصویر: Getty Images/AFP/A. Ali
2016ء: کوئٹہ ہسپتال دھماکا
آٹھ اگست 2016ء کو کوئٹہ کے سول ہسپتال میں خود کش حملہ کیا گیا، جس میں کم ازکم ستر افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ اس حملے کی ذمہ داری داعش کے علاوہ طالبان نے بھی قبول کی ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/B. Khan
کوئٹہ میں پولیس اکیڈمی پر حملہ
کوئٹہ میں دہشت گردی کی ایک کارروائی کے نتیجے میں کم ازکم انسٹھ افراد ہلاک جبکہ سو سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ فوج کے مطابق اس مرتبہ نقاب پوش خود کش حملہ آوروں نے پولیس کی ایک تربیتی اکیڈمی کو نشانہ بنایا ہے۔ اس حملے میں زندہ بچ جانے والے ایک زیر تربیت پولیس اہلکار کا کہنا ہے،’’جنگجو سیدھے ہماری بیرک میں پہنچے اور انہوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ ہم چیختے چلاتے بیرک میں ادھر ادھر بھاگنے لگے۔‘‘
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Taraqai
15 تصاویر1 | 15
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق عالمی دباؤ کے پیش نظر حکومت نے جیش محمد کے زیرنگرانی چلنے والی کئی مساجد اور مدارس کو اپنی نگرانی میں لے لیا ہے، جب کہ ان مدارس اور مساجد سے وابستہ افراد اور طالب علموں کو میڈیا پر کسی بھی قسم کا بیان دينے سے روکا گیا ہے۔ جیش محمد کی یہ عمارتیں اب پولیس اور رینجرز کے مسلح پہرے میں ہیں۔
بدھ کے روز اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں پاکستانی وزیرِ مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے وعدہ کیا تھا کہ حکومت سن 2015ء میں تمام سیاسی جماعتوں کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائے گی اور دہشت گردی یا شدت پسندی کو بالکل درگزر نہیں کیا جائے گا۔
تاہم ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق عمران خان حکومت کا یہ قدم اپنے ہم راہ کئی طرح کے خطرات بھی لیے ہوئے ہے۔ جنوبی پنجاب کا علاقہ پاکستان کے اس سب سے امیر اور آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے کا غریب ترین علاقہ بھی ہے اور یہاں یہ تنظیمیں غریب افراد کے لیے امدادی اسکمیں چلانے میں مصروف رہی ہیں۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہی وجہ ہے کہ بہاولپور میں جیش محمد کے لیے اچھی خاصی حمایت موجود ہے۔