1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں ریل گاڑی کا حادثہ، ڈیڑھ درجن سے زائد افراد ہلاک

29 فروری 2020

پاکستان میں ریل گاڑی کے ایک بس کے ساتھ ہونے والے حادثے میں کم از کم انیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ چھبیس سے زائد مسافر زخمی ہیں اور کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔

Pakistan Zugunglück in Karachi
تصویر: Reuters/A. Soomro

جنوبی پاکستانی صوبے سندھ کے ایک اہم مقام روہڑی کے قریب تیز رفتار ٹرین مسافروں سے بھری ایک بس سے ٹکرا گئی۔ حادثہ ایک ریلوے لائن کراسنگ پر ہوا، جس پر رکاوٹی گیٹ بھی نہیں تھا جبکہ کوئی حفاظتی گارڈ بھی متعین نہیں کیا گیا تھا۔ ٹرین کراچی سے راولپنڈی جا رہی تھی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ مسافر بس تین ٹکڑوں میں تقسیم ہو گئی۔

سندھ کے شہر سکھر کے ایک ہسپتال کے ڈاکٹر بشیر احمد سولنگی نے نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے چھبیس افراد اُن کے پاس زیر علاج ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بظاہر حادثہ ڈرائیور کی غفلت کا نتیجہ ہے اور وہ اس کوشش میں تھا کہ ٹرین گزرنے سے پہلے ہی ریلوے لائن عبور کر لے لیکن اُسے تیز رفتار ریل گاڑی کی اسپیڈ کا اندازہ نہیں ہو سکا۔

چند مہینے قبل ایک ریل گاڑی میں چولہا پھٹنے سے لگنے والی آگ میں پچاس سے زائد انسان جل مرے تھے۔تصویر: Reuters TV/A. Bhawalpuri

پاکستان کے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے حادثے پر تشیوش ظاہر کرتے ہوئے ہونے والی اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹرین اور بس کے حادثے کی فوری تفتیش کا حکم بھی جاری کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انکوائری کے بعد ہی طے ہو سکے گا کہ غلطی کس کی ہے۔

ٹرین حادثے کے بعد سندھ اور بقیہ ملک کے درمیان ٹرین سروس معطل ہو کر رہ گئی تھی۔ امدادی کارروائیوں کی تکمیل کے بعد بس کا ملبہ ہٹايا گيا اور پھر ٹرین سروس کی بحالی ممکن ہوئی۔ ریل گاڑیوں کی آمد و رفت کے بحال ہونے کی ریلوے حکام نے تصدیق کر دی ہے۔

پاکستان میں ناقص ریل ٹریک بھی حادثات کا سبب بنتے ہیں۔ سن 2019 میں ہونے والے مختلف ریلوے حادثات میں ایک سو سے زائد انسانی جانیں ضائع ہوئی تھیں۔ ایسا بھی خیال کیا جاتا ہے کہ ریل گاڑیوں میں مناسب حفاظتی انتظامات کا بھی فقدان ہے۔ چند مہینے قبل ایک ریل گاڑی میں چولہا پھٹنے سے لگنے والی آگ میں پچاس سے زائد انسان جل مرے تھے۔

ع ح ⁄ ع س (ڈی پی اے)

چینائی میں پانی کی قلت، ریل گاڑیوں کے ساتھ پانی کی ترسیل

01:47

This browser does not support the video element.

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں