1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں زمینی فوج نہیں بھیجیں گے، امریکہ

1 اکتوبر 2011

امریکہ نے پاکستان کو یقین دلایا ہے کہ شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کو نشانہ بنانے کے لیے زمینی افواج نہیں بھیجی جائیں گی۔ یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب پاکستان میں امریکہ مخالف مظاہرے جاری ہیں۔

تصویر: AP

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدے دار کا کہنا ہے کہ اسلام آباد حکام کو اس مؤقف سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

جمعہ کو پاکستان کے مختلف شہروں میں مذہبی تنظیموں کی جانب سے امریکہ مخالف مظاہرے ہوئے۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان نیا تنازعہ امریکی فوج کے سابق سربراہ ایڈمرل مائیک مولن کے بیانات کے بعد پیدا ہوا۔ انہوں نے کہا تھا کہ حقانی نیٹ ورک کو آئی ایس آئی کی حمایت حاصل ہے۔ واشنگٹن انتظامیہ مولن کے بیانات سے فاصلہ رکھ رہی ہے۔

امریکی فوج کے سربراہ کی حیثیت سے مولن کے فرائض منصبی ختم ہونے پر جمعہ کو ایک تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں ان کی گفتگو میں پاکستان کے بارے میں نرمی دیکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات اہم ہیں اور پاکستان کے بغیر افغانستان کے مسئلے کا حل ممکن نہیں ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر باراک اوباما نے تسلیم کیا ہے کہ حقانی نیٹ ورک کے پاکستان کے ساتھ رابطے واضح نہیں ہیں۔ تاہم انہوں نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ پھر بھی اس مسئلے کو حل کرے۔ انہوں نے جمعہ کو ایک ریڈیو انٹرویو میں کہا: ’’تعلقات کی نوعیت کے بارے میں انٹیلی جنس اتنی واضح نہیں ہے جتنی ہم چاہتے ہیں۔‘‘

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹنتصویر: dapd

باراک اوباما نے جمعہ کو امریکی سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان میں رہنماؤں کو ایک خط بھی بھیجا ہے کہ وہ افغان جنگ کے منصوبے کے حوالے سے اپنا طرزِ عمل برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی انتظامیہ حکمت عملی کا نفاذ برقرار رکھے گی اور اس حوالے سے مزید تبدیلیوں پر یقین نہیں رکھتی۔

اُدھر امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے آرکنساس میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ ’اچھے اور برے دہشت گردوں‘ میں تفریق کرنا پاکستان کی تاریخ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اچھے دہشت گردوں‘ کو وہ اپنے اسٹریٹیجک مقاصد کے لیے استعمال کر سکتا ہے اور ’برے دہشت گرد‘ خود اس کے خلاف کام کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ حقانی نیٹ ورک کا کہنا ہے کہ اب پاکستان میں اس کے مزید ٹھکانے نہیں ہیں اور وہ اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے افغانستان کو زیادہ محفوظ خیال کرتے ہیں۔ پاکستان کے عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک کے دس فیصد تک فائٹر ہی پاکستان میں ہیں جبکہ باقی افغانستان میں ہیں۔

 

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں