1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں عید ہفتے کو جبکہ بیشتر مسلم ممالک میں جمعے کو

عابد حسین
15 جون 2018

بہت سارے مسلمان ملکوں میں روزوں کے مہینے رمضان کے اختتام کا اعلان ہو گیا ہے۔ اس مہینے کے اختتام پر مسلمان اپنے عقیدے کے مطابق پُرمسرت تہوار عیدالفطر مناتے ہیں۔

Zuckerfest weltweit USA
تصویر: Reuters/K. Eid

عید الفطر اسلامی کیلینڈر کے نویں مہینے رمضان کے ختم ہونے اور دسویں مہینے شوال کا چاند نظر آنے کے بعد منایا جاتا ہے۔ مسلم دنیا میں عیدالفطر منانے کے حوالے سے شوال کا چاند نظر آنے کے فوری بعد گہما گہمی شروع ہو جاتی ہے۔ چاند رات پاکستان میں کاروباری حلقوں اور خاندانوں کے درمیان میل ملاپ کے لیے انتہائی اہم تصور کی جاتی ہے۔

پاکستان اور بھارت میں عیدالفطر ہفتہ سولہ جون کو منائی جا رہی ہے۔ ان دونوں ملکوں میں رویت ہلال کے نگران اداروں نے شوال کے مہینے کے چاند دیکھے جانے کی کوئی شہادت موصول نہ ہونے پر یہ اعلان کیا۔ اسی طرح آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں آباد مسلمان بھی عیدالفطر ہفتہ سولہ جون کو منائیں گے۔

دوسری جانب جرمنی سمیت یورپ میں بھی عیدالفطر پندرہ جون کو ہے۔ اس باعث یہاں کی مسلم کمیونٹی میں مذہبی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ جرمنی میں عیدالفطر کو میٹھی عید یا ’سُکر فیسٹ‘ کہا جاتا ہے۔ جرمنی میں یہ اصطلاح ترک کمیونٹی کی وجہ سے مقبول ہوئی ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں میٹھی عید کا نام وسطی ایشیائی مسلمان لائے تھے۔

جرمنی سمیت یورپی ممالک میں عیدالفطر جمعہ پندرہ جون کو منائی جا رہی ہےتصویر: DW/S. Huseinovic

بیشتر مسلمان ملکوں میں یہ تہوار آج جمعہ پندرہ جون کو منایا جا رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سمیت سارے خلیجی ریاستوں میں نئے قمری مہینے شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ عید کے موقع خصوصی تعطیلات کا اعلان بھی کیا جاتا ہے۔

خلیجی علاقے میں سب سے پہلے عید الفطر پندرہ جون کو منانے کا اعلان متحدہ عرب امارات نے کیا تھا۔ امارات میں جبل خفیط پر لوگوں نے چاند کو دیکھنے کی شہادت دی تھی۔ سعودی عرب کی سپریم کورٹ کو کئی مقامات پر چاند دیکھے جانے کی شہادتیں فراہم کی گئی تھیں اور اسی کی جانب سے عید منانے کا اعلان کیا گیا۔

اسی طرح مصر، لبنان، شام، عراق، یمن اور فسطین میں بھی رمضان کے مہینے کا اختتام ہو گیا ہے۔ مشرق بعید میں مسلم آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے ملک انڈونیشیا، ملائیشیا اور سنگاپور سمیت دوسرے ممالک کے مسلمان عیدالفطر آج ہی منا رہے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں