1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتبھارت

پاکستان میں غلطی سے میزائل داغنے والے بھارتی افسران برطرف

23 اگست 2022

بھارتی فضائیہ نے مارچ میں غلطی سے پاکستان میں میزائل فائر کرنے کی وجہ سے تین افسران کو برطرف کر دیا ہے۔ یہ ایک ایسی غلطی تھی، جس کی وجہ سے دونوں ایٹمی طاقتوں کے مابین جنگ چھڑ سکتی تھی۔

Symbolbild Philippinen kaufen Raketensystem von Indien für 375 Millionen Dollar
بھارت کا براہموس میزائل جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہےتصویر: OLGA MALTSEVA/AFP/Getty Images

پاکستان آ کر گرنے والے اس میزائل کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا لیکن یہ ایک 'بڑی غلطی‘ تصور کی جاتی ہے۔ عسکری ماہرین ماضی میں متعدد مرتبہ ان دونوں ملکوں کو ایسی کسی غلطی سے خبردار کر چکے ہیں کیوں کہ ان دونوں ملکوں کے مابین کئی جنگیں ہو چکی ہیں۔

بھارت کا براہموس میزائل جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ زمینی اہداف کو نشانہ بنانے والا یہ کروز میزائل بھارت اور روس کی مشترکہ پیداوار کا نتیجہ ہے۔ نو مارچ کو یہ میزائل پاکستانی سرزمین میں آ کر گرا، جس کے بعدپاکستان نے بھارتی حکام سے جواب طلب کیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے بھارت کے 'حفاظتی میکنزم‘ پر بھی سوالات اٹھائے گئے تھے۔

پاکستان اور چین سے خطرات کے مدنظر بھارت اگلے ماہ میزائل سسٹم نصب کرے گا، پنٹاگون

بھارتی ایئرفورس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے، ''واقعے کی ذمہ داری طے کرنے سمیت کیس کے حقائق جاننے کے لیے قائم کی گئی کورٹ آف انکوائری نے تین افسران کو اس واقعے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ ان افسران کی طرف سے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار سے انحراف کے نتیجے میں میزائل حادثاتی طور پر فائر ہوا۔‘‘

جاری ہونے والے بیان کے مطابق ان تینوں افسران کو فوری طور پر برطرف کر دیا گیا ہے۔

جوہری ہتھیاروں میں کمی کے بجائے دوبارہ اضافہ، سپری کی تنبیہ

امریکہ میں قائم آرمز کنٹرول ایسوسی ایشن کے مطابق براہموس میزائل کی رینج 300 کلومیٹر سے 500 کلومیٹر کے درمیان ہے۔ یہ میزائل اگر شمالی بھارت سے فائر کیا جائے تو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کو نشانہ بنانے کے قابل ہے۔

 ا ا / ک م ( روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں