پاکستان میں چینی کارکن بم حملے میں زخمی
30 مئی 2016صوبہ سندھ میں پولیس کے سربراہ اللہ ڈینوخواجہ نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ چینی کارکن اور ان کا پاکستانی ڈرائیور حملے میں معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نے مزید کہا کہ، '' بظاہر حملے کا نشانہ چینی شہری تھا، جو اپنے ڈرائیور اور سکیورٹی گارڈ کے ساتھ سفر کر رہا تھا''۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے ایک مضافاتی علاقے میں پیش آیا جہاں ایک کم شدت والے بم کے پھٹنے سے پاس سے گزرنے والی ایک مسافر وین کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ سے ایک قوم پرست سندھی علیحدگی پسند گروپ کی جانب سے دستخط شدہ ایک پمفلٹ بھی ملا ہے۔ اِس پمفلٹ پر درج ہے کہ '' دنیا کی سب سے زیادہ لوٹ مار کرنے والی قوم کی نظریں اب سندھ پر جم گئی ہیں جو سندھ پر حملہ کر کے اس کے باشندوں کو غلام بنانا چاہتی ہے''۔
قوم پرست سندھی گروپ نے پمفلٹ میں بظاہر پاک چین اقتصادی راہداری کا حوالہ دیا ہے جس کا اعلان حکومتی سطح پر گزشتہ برس کیا گیا تھا تاہم یہ واضح نہیں کہ آیا حملے میں زخمی ہونے والے چینی ورکر اقتصادی راہداری منصوبے پر کام کر بھی رہا تھا۔
چینی باشندے پر ہوئے اس بم حملے سے پاک چائنہ راہداری منصوبے پر پہلے سے موجود تحفظات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ سی پیک منصوبے میں 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے جواقتصادی ڈھانچے، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے منصوبوں، ریلوے لائنوں اور نئی بندر گاہ کی تعمیر کی مد میں لگائے جائیں گے۔ جبکہ شمالی پاکستان میں چینی سرحد سے شروع ہونے والے اس کوریڈور کا ایک بڑا حصہ صوبے بلوچستان سے ہو کر گزرے گا۔
اقتصادی راہداری منصوبہ یا 'سی پیک' چین کے 'ایک خطہ ایک شاہراہ' کی اُس پالیسی کا حصہ ہے جس کا مقصد جنوب مغربی چین کو پاکستان کے راستے بحیرہ عرب سے منسلک کرتے ہوئے چینی مصنوعات کو غیر ملکی منڈیوں تک پہنچانا ہے۔ سی پیک کے ذریعے چینی حکومت مشرقِ وُسطیٰ، افریقہ اور یورپ تک آسان رسائی کی امید کر رہی ہے۔