پاکستان میں 11 برس بعد بین الاقوامی گولف
11 اکتوبر 2018خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایشین ٹور کے یو ایم اے سی این ایس چیمپیئن شپ کے لیے دنیا بھر سے 132 کھلاڑی شریک ہیں۔ پاکستان میں2007ء کے بعد سے گولف کا کوئی بین الاقوامی مقابلہ منعقد نہیں ہوا تھا۔ آخری ٹورنامنٹ 2008ء کے لیے شیڈول تھا مگر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسے منسوخ کر دیا گیا تھا۔
ایشین ٹور کے ایونٹ ڈائریکٹر رابرٹ اینڈریو نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو میں سکیورٹی کے حوالے سے خدشات کو بے بنیاد قرار دیتے کہا، ’’پاکستان واپسی ہمارے لیے ایک بہترین موقع ہے۔‘‘ اینڈریو کا مزید کہنا تھا، ’’اس ایونٹ کی کامیابی کے بعد یہ مستقبل کے ایونٹس کے لیے نقطہ آغاز ثابت ہو گا۔‘‘
آسٹریلوی کھلاڑی مارکُوس بوتھ نے پاکستانی لوگوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ’’یہاں آنا ہمیشہ ایک بہترین تجربہ ہے کیونکہ یہاں لوگ بہت اچھے اور دوستانہ رویہ رکھنے والے ہیں۔‘‘ پاکستان کے بارے میں عمومی رائے کی نفی کرتے ہوئے بوتھ کا کہنا تھا، ’’میں یہاں 10 سال پہلے آیا تھا۔ عمومی رائے بُری ہے مگر اصلیت اس سے بہت مختلف ہے۔‘‘
2009ء میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر لاہور میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان میں تقریباﹰ ہر طرح کی بین الاقوامی کھیلوں کے راستے بند ہو گئے تھے۔ اُس حملے میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے تاہم مہمان کھلاڑی محفوظ رہے تھے۔
تاہم پاکستانی فوج کی طرف سے افغان سرحد کے قریب ملک کے شمال مغربی حصے میں شدت پسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کے بعد سے پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال کافی بہتر ہوئی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے دو بار پاکستان میں منعقد ہو چکے ہیں جن میں بین الاقوامی کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ گزشتہ 18 ماہ کے دوران زمبابوے اور سری لنکا کے ساتھ محدود اوورز کی کرکٹ سیریز کے علاوہ ورلڈ الیون کی ٹیم بھی پاکستان میں میچ کھیل چکی ہے۔
ا ب ا / ع ا (اے ایف پی)