1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کی بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکا ٹیسٹ میں شاندار جیت

8 دسمبر 2021

ڈھاکا میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور آٹھ رنز سے شکست دے کر دو میچز کی ٹیسٹ سیریز اپنے نام کر لی ہے۔ آف اسپنر ساجد خان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بارہ وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستانی آف اسپنر ساجد خان
آف اسپنر ساجد خان کی میچ میں کل 12 وکٹوں کے ساتھ بہترین بولنگ پرفارمنس رہیتصویر: Munir Uz Zaman/AFP/Getty Images

ڈھاکا میں  پاکستان کرکٹ ٹیم  نے بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور آٹھ رنز سے شکست دے کر دو میچز کی ٹیسٹ سیریز  اپنے نام کر لی ہے۔ آف اسپنر ساجد خان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بارہ وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستانی آف اسپنر ساجد خان نے بہترین گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں بیالیس رنز دے کر آٹھ وکٹیں حاصل کیں جبکہ دوسری اننگز میں چھیاسی رنز دے کر چار بنگلہ دیشی بلے بازوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔

واضح رہے کہ ڈھاکا کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز خراب روشنی کے سبب کھیل جلدی ختم ہو گیا جبکہ دوسرے اور تیسرے روز کا میچ بارش کی نذر ہو گیا۔

ڈھاکا ٹیسٹ کے چوتھے روز بابر اعظم (76) اور اظہر علی (56) زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے اور دونوں بلے باز جلدی آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد وکٹ کیپر محمد رضوان اور فواد عالم نے جب نصف سینچری اسکور کر لیں تو  کپتان بابر اعظم  نے تین سو رنز پر اننگز ڈکلیئر کر دی۔

پاکستان نے دو ٹیسٹ میچ کی سیریز 0-2 سے جیت لیتصویر: Munir Uz Zaman/AFP/Getty Images

ان کے اس جارحانہ فیصلے کا گیند بازوں نے بھرپور طریقے سے ساتھ دیا اور بنگلہ دیش کو صرف 87 رنز پر آل آؤٹ کر کے فالوآن کھیلنے پر مجبور کر دیا۔ پہلی اننگز میں پاکستانی آف اسپنر ساجد خان نے اکیلے ہی آٹھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا اور ایک وکٹ شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کی۔

پانچویں روز دوسرے اننگز میں بھی بنگلہ دیش کے ابتدائی بلے باز کریز پر زیادہ دیر قدم نہیں جما سکے اور میچ کو بچانے کی ذمہ داری بالآخر تجربہ کار کھلاڑیوں پر آن پڑی۔ دوسری اننگز میں مشفیق الرحیم عمدہ بلے بازی کر رہے تھے لیکن وہ بھی 48 رنز پر رن آؤٹ ہو گئے اور وکٹ کیپر بیٹر لٹِن داس بھی 45 رنز ہی بنا سکے۔

دوسری اننگز میں شکیب الحسن 63 رنز بنا سکےتصویر: Munir Uz Zaman/AFP/Getty Images

 

پاکستان کے کپتان بابر اعظم ویسے تو بلے بازی کے لیے مشہور ہیں لیکن آج انہوں نے بھی مہدی حسن کو آؤٹ کر کے اپنی پہلی ٹیسٹ وکٹ  حاصل کر لی۔ اس کے بعد میچ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوگیا اور کھیل ختم ہونے میں چند اوورز ہی باقی رہ گئے تھے۔

بعد ازاں ساجد خان نے سپر اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن کو 63 پر آؤٹ کر دیا۔ اس طرح بنگلہ دیش کی پوری ٹیم دو سو پانچ رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی طرف سے دوسری اننگز میں ساجد خان نے چار، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے دو دو اور بابر اعظم نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ساجد خان میچ میں کل 128 رنز دے کر 12 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد مین آف دی میچ رہے اور عابد علی کو دو ٹیسٹ میچوں میں 263 بنانے کے نتیجے میں پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز دیا گیا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں