پاکستان نے تیسرے ون ڈے میں انگلینڈ کو ہرا دیا
18 ستمبر 2010پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کو جیت کے لئے 242 رنز کا ہدف دیا۔ میزبان ٹیم کی جانب سے ایون مورگن نے 61 اور لیوک رائٹ نے ناقابل شکست 48 رنز بنائے۔ ان دونوں بلے بازوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 98 رنز بنائے۔ اس وقت تک انگلینڈ کی پوزیشن بہتر تھی۔ تاہم گُل نے جیسے ہی مورگن کی وکٹ حاصل کی، میزبان ٹیم کو دوبارہ سنبھلنے کا موقع نہیں ملا۔
اس کے بعد عمر گُل نے ٹِم بریسنین اور گریم سوان کو بھی پویلین واپس بھیجا۔ گُل نے چار کھلاڑی محض تین اوورز میں چھ رنز کے عوض آؤٹ کئے۔ گزشتہ برس اسی گراؤنڈ پر گُل نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ میں چھ رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
خبررساں ادارے AFP کے مطابق ایمپائر بِلی ڈوکٹرو کی ایک غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے رائٹ میچ کے اختتام تک کریز پر جمے رہے۔ ٹیلی ویژن ری پلے میں انہیں 26 رنز پر سٹمپ آؤٹ ہوتے دیکھا گیا تھا۔ رائٹ کا پاؤں زمین پر پڑنے سے پہلے ہی وکٹ کیپر عمر اکمل نے وکٹ گرا دی تھی۔ پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے سکوائر لیگ کپتان سے اپیل کی لیکن رائٹ کو آؤٹ قرار نہیں دیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے بیٹسمین فواد عالم 64 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ اسد شفیق نے 40 رنز بنائے۔ تاہم پاکستان تیزی سے کوئی بڑا ٹوٹل بنانے کی جانب نہ بڑھ سکا۔ مہمان ٹیم نے دو وکٹیں پہلے تین اوورز میں ہی گنوا دی تھیں اور دسویں اوور تک تین کھلاڑیوں کے نقصان پر اس کا مجموعی سکور 31 تھا۔
انگلینڈ کی جانب سے بالر جیمز اینڈرسن نے 26 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے اوورز کے دوران پاکستانی بیٹسمینز کو محض ایک باؤنڈری کا موقع مل سکا۔ بریسنین نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان پانچ وَن ڈے میچز کی اس سیریز میں پہلے دو میچ ہار چکا ہے اور اوول کی اس جیت نے پاکستانی کیمپ کی اُمیدیں روشن کر دی ہیں۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: امجد علی