پاکستان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کی میزبانی کرے گا
13 مارچ 2024کرکٹ کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان آئندہ ماہ پانچ میچوں کی ایک سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کی قومی ٹیم کی میزبانی کرے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج بدھ 13 مارچ کے روز کہا کہ 18، 20 اور 21 اپریل کو ہونے والے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کا انعقاد راولپنڈی میں ہو گا جبکہ بقیہ دو میچ 25 اور 27 اپریل کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم ممکنہ طور پر کئی فرنٹ لائن کھلاڑیوں کی کمی محسوس کرے گی، جن میں ڈیرل مچل، مچل سینٹنر اور لوکی فرگوسن شامل ہیں، جو اس دورے کے وقت پر انڈین پریمیئر لیگ میں کھیل رہے ہوں گے۔
نیوزی لینڈ نے اس سال کے شروع میں شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی میں پہلی ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی سیریز میں پاکستان کو ہوم گراؤنڈز پر ایک کے مقابلے میں چار میچوں سے شکست دی تھی۔ پی سی بی کے بین الاقوامی کرکٹ کے ڈائریکٹر عثمان واہلہ نے کہا، ''یہ دورہ ان گہرے تعلقات اور باہمی احترام کی علامت ہے، جو ہمارے ان دونوں کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے مابین تعلقات کی وضاحت کرتا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ''ہمارے شائقین کرکٹ اور پاکستانی عوام نیوزی لینڈ کی ٹیم کو دوبارہ خوش آمدید کہیں گے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ ایک اور مسابقتی سیریز ہو گی جو اس سال کے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ہماری تیاریوں کا ایک اہم حصہ ہے۔‘‘
کرکٹ کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ رواں برس دو سے تیس جون تک شمالی امریکہ اور کریبیین کے خطے میں کھیلا جائے گا۔
ش ر ⁄ م م (اے پی)